اسلام ٹائمز 20 Jan 2022 گھنٹہ 16:08 https://www.islamtimes.org/ur/news/974669/کراچی-میں-اسٹریٹ-کرمنلز-کے-ہاتھوں-ایک-اور-نوجوان-قتل -------------------------------------------------- ٹائٹل : کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قتل -------------------------------------------------- بھائی کا کہنا تھا کہ ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار تھے، انھوں نے پہلے زمین پر فائر کیا اور دوسری گولی میرے بھائی پر چلائی، جو اس کی گردن پر لگی اور جان لیوا ثابت ہوئی۔ متن : اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بڑے بھائی کے سامنے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا، نوجوان کے اہلخانہ نے ملزمان کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکووں نے ایک اور نوجوان کو واردات کے دوران قتل کر دیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ملزمان نے مزاحمت پر نوجوان بلال کو بڑے بھائی کے سامنے گولی مار دی۔ مقتول کے بھائی نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلال فیکٹری سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں واردات ہوئی، ڈکیتی کے دوران بلال نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائر کھول دیا۔ بھائی کا کہنا تھا کہ ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار تھے، انھوں نے پہلے زمین پر فائر کیا اور دوسری گولی میرے بھائی پر چلائی، جو اس کی گردن پر لگی اور جان لیوا ثابت ہوئی۔ واقعے کے عینی شاہد کاشف نے بتایا کہ میں اور میرا بھائی محنت مزدوری کرکے گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں، ہم ملازمت سے واپس گھر آرہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، پولیس ہم سے رابطے میں ہے، نماز جنازہ کے بعد مقدمہ درج کروائیں گے۔ بلال کے دوست نے بتایا کہ مقتول بلال اور ہم سب گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، کورنگی انڈسٹری ایریا جرائم کا گڑھ بن چکا ہے، آئے روز وارداتیں ہو رہی ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کراچی میں قاتل لٹیروں کے ہاتھوں مارے جانے والے بلال کی والدہ غم سے نڈھال ہیں، والدہ کا کہنا ہے کہ میرا ہیرو بیٹا تھا، جو چھین لیا گیا، مطالبہ کرتی ہوں کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے۔