اسلام ٹائمز 23 May 2012 گھنٹہ 16:58 https://www.islamtimes.org/ur/news/164509/کشمیری-مزاحمتی-تحریک-کی-پشت-بانی-جاری-رہیگی-منور-حسن -------------------------------------------------- ٹائٹل : کشمیری مزاحمتی تحریک کی پشت بانی جاری رہیگی، منور حسن -------------------------------------------------- اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے مرکزی امیر کا حریت رہنماء کیساتھ ملاقات میں کہنا تھا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت نے خود دنیا کے سامنے عہد کیا تھا کہ وہ یہ حق کشمیریوں کو فراہم کرے گا لہذا عالمی برادری بھارت سے یہ عہد پورا کروائے اور کشمیریوں کو یہ حق دلوائے۔ متن : اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی، کل جماعتی حریت کانفرنس ( گ) کے کنونیر غلام محمد صفی اور حریت کانفرنس (ع) کے کنونیر محمود ساغر نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں اور خطے میں بدلتی ہوئے سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ اور اس کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی اپنی مجبوریاں اور مسائل ہوتے ہیں مگر قوم کشمیریوں کی تحریک کی پشت پر اول روز سے ہے اور رہے گی، انھوں نے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اتنی قرنانیوں کے بعد کشمیر کو آزادی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا، انھوں نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اول روز سے تحریک آزادی کی پشتی بانی کر رہی ہے اور منزل کے حصول تک کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ سید منورنے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت نے خود دنیا کے سامنے عہد کیا تھا کہ وہ یہ حق کشمیریوں کو فراہم کرے گا لہذا عالمی برادری بھارت سے یہ عہد پورا کروائے اور کشمیریوں کویہ حق دلوائے۔ انھوں نے کہا کہ حالات بدل رہے ہیں، امریکہ اپنے لائو لشکر کے ساتھ افغانستان میں شکست کھاچکا ہے، اس موقع پر عبدالرشید ترابی، غلام محمدصفی اور محمود ساغر نے مشترکہ طور پر جماعت اسلامی پاکستان کی تحریک آزادی کشمیرکے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اہل کشمیر کی جماعت اسلامی پاکستان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، کشمیر کی قیادت نے سید منور حسن کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔