اسلام ٹائمز 9 Jun 2021 گھنٹہ 20:11 https://www.islamtimes.org/ur/news/937178/سلیکٹڈ-وزیراعظم-کے-بجٹ-کو-کسی-طور-قبول-نہیں-کریں-گے-بلاول-بھٹو-زرداری -------------------------------------------------- ٹائٹل : سلیکٹڈ وزیراعظم کے سلیکٹڈ بجٹ کو کسی طور قبول نہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری -------------------------------------------------- ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو خوش کرنے کے لئے بجٹ میں 68 ارب روپے اور وباء سے بچاؤ کے لئے صرف 5 ارب روپے کے فنڈز رکھنا عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اقتصادی کونسل کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کے لئے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری ایک بیان میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ میں شعبہ صحت کے لئے صرف 30 ارب روپے مختص کرنا عوام کو کورونا وائرس کی وباء کے حوالے کردینے کے مترادف ہے، شعبہ صحت کے لئے بجٹ میں صرف 3.3 فیصد فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی حکومت نے واضح کردیا کہ عوام کی صحت ان کی اولین ترجیح نہیں ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو خوش کرنے کے لئے بجٹ میں 68 ارب روپے اور وباء سے بچاؤ کے لئے صرف 5 ارب روپے کے فنڈز رکھنا عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم کے لئے بجٹ میں صرف 5.5 فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب! اگر سڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے تو اپنی حکومت کے آخری سے پہلے ترقیاتی بجٹ میں 38 فیصد کا اضافہ کیوں کیا؟ انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کو نظر انداز کرکے اگلے دو سال تک شاید کبھی نہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے افتتاح سے عمران خان کی نااہلی نہیں چھپ سکے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر ایک اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو بھی عمران خان نے سیاسی انداز سے تقسیم کرکے ملک میں احساسِ محرومی کو بڑھا دیا ہے، جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی عمران خان نے ان صوبوں کے لئے زیادہ ترقیاتی بجٹ رکھ کر یہ ثابت کیا کہ وہ خود کو پورے پاکستان کا وزیراعظم نہیں سمجھتے۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کریں گے۔