اسلام ٹائمز 20 May 2020 گھنٹہ 19:47 https://www.islamtimes.org/ur/news/863873/امت-مسلمہ-کو-امریکہ-اسرائیل-کا-غلام-بنانیکے-علاوہ-سعودی-عرب-کوئی-ایجنڈا-نہیں-انصاراللہ -------------------------------------------------- عالمی یوم فلسطین ٹائٹل : امتِ مسلمہ کو امریکہ و اسرائیل کا غلام بنانیکے علاوہ سعودی عرب کا کوئی ایجنڈا نہیں، انصاراللہ -------------------------------------------------- یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے عرب نیوز چینل المسیرہ کیساتھ عالمی یوم فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے شانہ بشانہ لڑنیوالی اسلامی قوتیں (ایران اور اسلامی مزاحمتی محاذ) فلسطین کی آزادی کے رستے میں مسلسل شہداء کا خون پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن پر جارحیت کا ایک بنیادی سبب امتِ مسلمہ کو درپیش سنگین مسائل میں یمنی قوم کا اختیار کردہ آزادانہ موقف ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے عرب نیوز چینل المسیرہ کے ساتھ مسئلۂ فلسطین سمیت عالم اسلام کو درپیش سنگین مسائل کے موضوع پر گفتگو کی ہے۔ انصاراللہ یمن کے ترجمان نے سعودی جیلوں میں قید فلسطینی مزاحمتی محاذ کے مرکزی رہنماؤں اور حامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدر الدین الحوثی سعودی رژیم کی جیلوں میں قید فلسطینی محاذ کے حامیوں کے مسئلے کا نزدیک سے جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی آزادی کی خاطر سعودی رژیم کو چند بار بھاری پیشکش بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی کی طرف سے فلسطینی قیدیوں کی آزادی کے بدلے سعودی پائلٹ کی رہائی کی دی جانے والی پیشکش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاراللہ یمن مزاحمتی قیدیوں کی آزادی کے لئے سعودی رژیم کے ساتھ ہر قسم کے مذاکرات میں بیٹھنے کو تیار ہے۔ انصاراللہ یمن کے ترجمان محمد عبدالسلام نے امام خمینیؒ کی طرف سے اعلان کئے گئے عالمی یوم فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کسی نیلامی کا مال نہیں جبکہ فلسطینی قوم کے شانہ بشانہ لڑنے والی اسلامی قوتیں (ایران اور اسلامی مزاحمتی محاذ) فلسطین کی آزادی کے رستے میں مسلسل شہداء کا خون پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن پر جارحیت کا ایک بنیادی سبب امتِ مسلمہ کو درپیش سنگین مسائل میں یمنی قوم کا اختیار کردہ آزادانہ موقف ہے۔ انصاراللہ یمن کے ترجمان نے فلسطینی حقوق پر صدی کے سب سے بڑے ڈاکے "صدی کی ڈیل" کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ہونے والی تمام گھناؤنی ڈیلز مسئلۂ فلسطین کو خاتمہ نہیں دے سکیں جبکہ اسرائیل تاابد امتِ مسلمہ کا سب سے بڑا دشمن باقی رہے گا۔ محمد عبدالسلام نے قومی ٹیلیویژن پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عالمی دشمن کے آلۂ کار سعودی عرب کا بھی امتِ مسلمہ کو امریکہ و اسرائیل کا غلام بنانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔