اسلام ٹائمز 25 Sep 2019 گھنٹہ 22:38 https://www.islamtimes.org/ur/gallery/818389/1/جامعہ-کراچی-میں-عظیم-الشان-یوم-حسین-ع -------------------------------------------------- ٹائٹل : جامعہ کراچی میں عظیم الشان یوم حسین (ع) -------------------------------------------------- پارکنگ گراونڈ میں منعقدہ یوم حسین (ع) سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا مقصد دینِ محمدی (ص) کی سربلندی تھا، جامعات میں یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحاد بین المسلمین کا ذریعہ ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ دفتر مشیرِ امور طلباء اور آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ کے زیر اہتمام جامعہ کراچی کے پارکنگ گراونڈ میں سالانہ عظیم الشان یومِ حسین علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا۔ یومِ حسین علیہ السلام کی صدارت شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی، جبکہ یومِ حسین(ع) سے مولانا شہنشاہ حسین نقوی، آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے رکنِ ذیلی نظارت مولانا کاظم عباس نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ یوم حسین (ع) میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا وقوع پذیر ہوئے صدیاں گزر گئی مگر ذہنوں اور دلوں میں امام کے ایثار اور صبر کے جزبے کو لازوال دوام حاصل ہے، کربلا آکر حسین زندہ و جاوید ہوگئے جس کی زمانے نے بھی قدر و منزلت کی اور یزیدیت کا نام و نشان مٹ گیا۔ اہل سنت عالم دین مولانا قاضی احمد نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین اور کربلا امن کا پیغام دیتی ہے، امام حسین علیہ السلام خدا سے نزدیک ہونے کا ایک راستہ ہے، امام نے کربلا میں بہتّر قربانیوں کے بعد بھی نماز ادا کی اور صبر و شکر کا درس دیا۔ مولانا سید کاظم عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا مقصد دینِ محمدی (ص) کی سربلندی تھا، جامعات میں یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحاد بین المسلمین کا ذریعہ ہے۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا اتحاد کا واضح پیغام ہے اور یزید ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک طرز کا نام ہے، ہمیں حسینیت عام کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ آخر میں جامعہ کراچی کے مشیرِ امور طلباء پروفیسر عاصم نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان فقہ جعفریہ کی واحد نمایاں اور طلباء تنظیم ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ میں ہر سال عظیم الشان یومِ حسین علیہ السلام کرانا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے نوحہ، سلام و مرثیہ کے ذریعے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام و شہدائے کربلا کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اساتذہ، مختلف طلباء تنظیموں کے رہنماؤں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔