اسلام ٹائمز 17 Mar 2020 گھنٹہ 21:27 https://www.islamtimes.org/ur/news/850960/کرونا-وبا-سے-نمٹنے-کیلئے-حکومت-جنگی-بنیادوں-پر-کام-کرے-علامہ-ناصر-عباس -------------------------------------------------- خواجہ آصف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ٹائٹل : کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے حکومت جنگی بنیادوں پر کام کرے، علامہ ناصر عباس -------------------------------------------------- اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ تفتان بارڈر پر بزرگوں، خواتین، بچوں اور مریضوں کی بڑی تعداد کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک نامناسب ہے۔ تفتان میں موجود زائرین کے فوری ٹیسٹ کرکے جو لوگ صحت مند ہیں انہیں ان کے گھروں کو روانہ کیا جائے جبکہ مریضوں کو قرنطینہ سینٹرز میں داخل کیا جائے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تفتان بارڈر پر زائرین کے معاملے میں احتیاط نہیں برتی گئی جس سے کرونا وائرس کے پھیلائو کے امکانات میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو تشخیصی عمل سے گزارنے بغیر اکھٹے رکھا گیا جو کرونا سے بچائو کی تدابیر کی صریحاََ خلاف ورزی ہے۔ اس غیرذمہ دارانہ طرز عمل کے نتیجے میں ہونے والے کسی بھی نقصان کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ تفتان بارڈر پر بزرگوں، خواتین، بچوں اور مریضوں کی بڑی تعداد کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک نامناسب ہے۔ تفتان میں موجود زائرین کے فوری ٹیسٹ کرکے جو لوگ صحت مند ہیں انہیں ان کے گھروں کو روانہ کیا جائے جبکہ مریضوں کو قرنطینہ سینٹرز میں داخل کیا جائے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ کرونا وائرس عالمی وبا کی صورتحال اختیار کرچکا ہے۔ جس کا مقابلہ حکومت اور عوام کو مل کر کرنا ہوگا۔ عوام کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی صورتحال کا مقابلہ جرات و استقامت سے کیا جاتا ہے۔ ہم سب ایک قوم بن کر کرونا کی وبا کو شکست سے دوچار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انسانی المیہ کو سیاست کی نذر کرنے والوں کی سوچ پر افسوس ہوتا ہے۔ تفتان کے زائرین کے حوالے سے خواجہ آصف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت سے عدم آگہی کا ثبوت ہے۔ متاثر مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کے اظہار کی بجائے اسے انتقامی رنگ دیا جانا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات باقی صوبوں کی نسبت قدرے بہتر ہیں تاہم ان میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ پنجاب کی وزیر صحت کو چاہیے کہ وہ مختلف علاقوں اور صحت کے مراکز کا دورہ کریں اور حالات کو قابومیں رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت کے عملی اقدامات ناکافی اور غیر تسلی بخش ہیں۔ بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ محض بیانات سے کام چلانے کی بجائے جنگی حکمت عملی طے کرے تاکہ کرونا وائرس کو شکست دی جاسکے۔ عوامی رہنمائی اور آگاہی کے سلسلے میں بلوچستان کے علما اور دیگر موثر شخصیات کو بھی اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے سالانا شوریٰ مرکزی کے اجلاس کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا۔