اسلام ٹائمز 12 Jun 2021 گھنٹہ 20:19 https://www.islamtimes.org/ur/news/937720/شہری-ویکسین-لگوائیں-افواہوں-پر-کان-نہ-دھریں-ناصر-حسین-شاہ -------------------------------------------------- ٹائٹل : شہری ویکسین لگوائیں، افواہوں پر کان نہ دھریں، ناصر حسین شاہ -------------------------------------------------- نجی لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ شہری ویکسین لگوائیں کیونکہ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسینیشن ہے، سندھ کے دور دراز علاقوں میں بھی ویکسینیشن کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ متن : اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ڈیفنس فیز 6 میں لیبارٹری کا افتتاح کردیا ہے۔ نجی لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اور میڈیا سے گفتگو میں ناصر شاہ نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ جلد از جلد کورونا ویکسین لگوالیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے لئے توقعات سے کم لوگ آرہے ہیں، ہم اس حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت دور دراز علاقوں میں بھی ویکسینیشن کے لئے اقدامات کررہی ہے جبکہ بیرون ملک پڑھنے والے طلباء کو فائز ویکسین لگارہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ اپنائے گا، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور فوری ویکسینیشن کرائیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں لیکن شہری توقعات کے مطابق ویکسین نہیں لگوا رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ویکسین لگوائیں کیونکہ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسینیشن ہے، سندھ کے دور دراز علاقوں میں بھی ویکسینیشن کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں تاکہ صوبے کو وباء سے محفوظ رکھ سکیں۔ صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بہت سے ممالک صرف فائزر لگانے والوں کو ویزے دے رہے ہیں، اس لئے بیرون ممالک میں پڑھنے والے طلبہ اور کاروباری افراد کو ترجیحی بنیادوں پر فائزر ویکسین لگائی جارہی ہے۔