1
Thursday 13 May 2021 12:01

فلسطین عصرِ حاضر کی کربلا اور مدافعینِ حرم

فلسطین عصرِ حاضر کی کربلا اور مدافعینِ حرم
تحریر: سویرا بتول

باب الحکمت علیؑ ابنِ ابی طالب کا فرمان ہے: "مظلوم کا دن ظالم کے دن سے ظالم کے خلاف سخت ترین دن ہوگا۔" آج جب عالمی درندوں کے جواب میں فلسطینیوں نے جوابی کارروائی کی تو پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی۔ کجا اِس کے کہ مسلم امہ تعاون کی یقین دہانی کرواتی، الٹا نہتے مظلوم فلسطینیوں پر ہرزہ سرائی کرنے کے لیے سب میدان میں آگئے، بہت سارے مفید مشوروں سے نوازا گیا، کہیں دشمن کی طاقت، جدید ٹیکنالوجی، بہترین اسلحہ یاد کروایا گیا اور کہیں طاقت اور سرمائے کے نشے میں چُور یزیدِ وقت سے ڈرایا گیا۔ کہیں میزائل فراہم کرنے والوں پر تبرا کیا گیا تو کہیں اسے الیکش ملتوی کروانے اور جدید ٹیکنالوجی کے متعارف کروانے سے مربوط کیا گیا۔ یہ انوکھے مشورے بھی دیئے گئے کہ آپ اتنی صلاحیت نہیں رکھتے کہ جوابی کارروائی کریں، اس لیے بہتر ہے کہ اس عالمی صہیونی دہشتگردی کا کڑوا گھونٹ جو سالوں سے پی رہے ہیں، خاموشی سے پیتے رہیں۔

غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہیں اور مزے لیتے رہیں، آپ بھول جائیں کہ آپ وہی ہیں، جن کی نصرت کے لیے ملائکہ اترا کرتے تھے، عاشورا کا درسِ حریت و انسانیت سراسر فراموش کر دیجیے، کیونکہ آپ کو کربلا صرف رونے دھونے کے لیے سنائی گئی تھی۔ حسینؑ ابن علی جن کے قیام کا مقصد باطل کے مقابل علم مقاومت بلند کرنا تھا، ہر طرح کی یزیدی طاقت کے مقابل نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے ڈٹ جانا تھا اور كم "من فئة قليلة غلبت فئة كثيرة" کی عملی تفسیر کے مظاہر دکھانا تھا، وہ مظلوم فسلطینیوں نے ثابت کر دیا کہ تاریخ کے ہر دور میں حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی ہے، ان نونہال بچوں نے پتھر ہاتھ میں لیکر نام نہاد مسلم امہ اور انوکھے مشیروں کو پیغام دے دیا کہ غلامی کے طوق آپ بھی اتار سکتے ہیں، مگر آپ سے التجا کی جاتی ہے کہ اس پیغامِ حریت کو اپنے تک محدود رکھیں۔

جہاں پوری مسلم امہ خاموشی اور غلامی کی زنجیروں میں جکڑی رہی، وہاں حماس، سرایا القدس، کتائب القسام اور محور مقاومت نے میزائلوں سے پیغام دیا کہ اگر کوئی دشمن تمہاری دہلیز پار کرکے تمہاری غیرت کو للکارے تو اس کا جواب اینٹ کی بجائے پتھر سے دو۔ افسوس کہ مسلم امہ کی غیرت نہ جاگ سکی، یہ مزے کی نیند سوتے رہے اور غلامی کی چوڑیاں نہ اتار سکے۔ ہم جہاں ایک طرف قائد کا یہ نعرہ لگاتے رہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور یہ مسلمانوں کے دل میں خنجر گھونپنے والی بات ہے، جسے ہم تسلیم نہیں کریں گے۔ وہیں قائد کے اسی ملک میں اسرائیل کے پرچم نذرِ آتش کرنے پر ایف آئی آر تک کاٹی گئیں، اسرائیلی گماشتوں کو خوش کیا گیا اور ایسا دوہرا معیار اختیار کیا گیا، جو سمجھ سے باہر ہے۔

یاد رہے کہ جنگ کا آغاز اسرائیل نے مسجد اقصیٰ پر حملہ کرکے کیا، جس کے جواب میں جوابی کارروائیاں کی گئیں، تاکہ غلامی کی زنجیروں کو ہمیشہ کیلئے توڑا جاسکے، مگر اپنوں کی طرف سے الزامات لگائے جاتے رہے، پہلے کہا جاتا تھا کہ مزاحمت کیوں نہیں کرتے، اب جب مزاحمت کرتے ہیں تو قلیل تعداد اور وسائل کی کمی کے طعنے دیئے جا رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں، جو کل تک مدافعینِ حرم کے خلوص پر شکوک و شبہات کا شکار تھے۔ مقاماتِ مقدسہ کی حفاظت کرنے والوں پر بھی جملے کسنے سے باز نہ آئے تھے۔ حرمِ ثانی زہراؑ کے محافظین پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کرنا نہیں بھولے تھے، مگر وہ مٹھی بھر عشاق جو اپنے ہدف اور وظیفے سے بخوبی آگاہ تھے، وہ آئے اور آسمانی رمزیں پا کر بارگاہِ سیدہ (س) میں ہمیشہ کے لیے سرخرو ہوگئے، فلسطین کے مجاہدین نے مثلِ زینبیون جان کی پرواہ کیے بنا دفاع کیا اور مدافعین کی طرح سرخرو ہوگئے۔

یہ الہیٰ لشکر ہیں، جو دنیاوی آرائیش سے کوسوں دور، دنیاوی لذات سے پاک و پاکیزہ اور اپنے اہداف و مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں، ان کا ہم و غم ایک ہے، ان کی آرزو شہادت اور عشق الہیٰ میں سرخرو ہونا ہے۔ یہ اپنے اہداف سے اک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے، فلسطینی مقاومت کا دن وحدتِ اسلامی کا عظیم دن ہے۔ یہ دن فداء ہو جانے، قربان ہو جانے اور خدا کی راہ میں شہید ہو جانے کا دن ہے، تاکہ مسجد اقصیٰ، قدس اور فلسطین محفوظ رہے۔ عاشورا کے دروس میں سے ایک درس یہ ہے کہ جو حق کو گرانا چاہتا ہے، حق اِس کو گرا دیتا ہے۔ جو اپنے آپ کو باطل کے حوالے کر دیتا ہے، باطل اس سے دھوکہ کرتا ہے۔ جو ابلیس کی پیروی کرتا ہے، ابلیس اِس سے خیانت کرتا ہے۔ جو کوئی حق کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، حق اس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور جو حق کا دفاع کرتا ہے، حق اُس کا دفاع کرتا ہے۔

اے قوم وہی پھر ہے تباہی کا زمانہ
اسلام ہے پھر تیر حوادث کا نشانہ
کیوں چپ ہے اسی شان سے پھر چھیڑ ترانہ
تاریخ میں رہ جائے گا مردوں کا فسانہ
مٹتے ہوئے اسلام کا پھر نام جلی ہو
لازم ہے کہ ہر فرد حسینؑ ابنِ علی ہو
خبر کا کوڈ : 932384
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش