0
Saturday 8 Oct 2011 23:07

چارج شیٹ تیار، نواز لیگ کا حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ

چارج شیٹ تیار، نواز لیگ کا حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی صدارت میں ہونیوالے اہم اجلاس میں (ن) لیگ نے حکومت کے خلاف چارج شیٹ تیار کر لی، کرپشن، بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی دیگر پالیسیوں کے خلاف بھرپور تحریک چلانے اور حکومت کو مزید وقت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں سے حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے رابطے کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر (ن) لیگ کے اراکین اسمبلی، سینیٹرز، پارٹی عہدیداران سمیت تمام ونگز حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں، جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالیں گے۔ 
(ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق رائیونڈ جاتی عمرہ میں (ن) لیگ کے صدر محمد نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان، سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، حمزہ شہباز شریف سمیت پارٹی کے سینئر رہنما موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کی کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر عوام دشمن پالیسیوں پر شدید تنقید کی گئی اور پارٹی رہنماؤں نے مشاورت کے بعد حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ تیار کی جسے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ حکومت مخالف تحریک کو کامیاب اور موثر بنانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس کرپٹ اور نااہل حکومت کو مزید برداشت کرنا جمہوریت اور ملک کے ساتھ زیادتی ہو گی اس لئے اب حکومت سے نجات کا وقت آ گیا ہے اور (ن) لیگ حکومت سے نجات کی تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ماضی میں بھی عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا اس لئے سپریم کورٹ کے کراچی میں قیام امن کے حوالے سے حالیہ دنوں میں آنے والے فیصلے پر بھی عملدرآمد کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
خبر کا کوڈ : 104753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب