0
Friday 28 Nov 2014 10:20

چہلم امام حسینؑ، پنجاب حکومت نے 15 اضلاع کیلئے فوج طلب کر لی

چہلم امام حسینؑ، پنجاب حکومت نے 15 اضلاع کیلئے فوج طلب کر لی
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب نے دسمبر کے مہینہ میں پنجاب کے 15 اضلاع میں فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کیلئے لیٹر جی ایچ کیو اور وزارت داخلہ کو لکھ دیا ہے، جس میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ فوج کو چہلم امام حسینؑ کے لئے مختلف اضلاع میں مختلف دنوں کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ اس کے لئے حکومت کو دھمکیاں ملی ہیں کہ دہشت گرد کارروائی کر سکتے ہیں۔ بعض اضلاع میں 5 دن فوج تعینات رہے گی جبکہ بعض اضلاع میں دو روز کے لئے فوج کو رکھا جائے گا۔ فوج کی 33 اور رینجرز کی 12 کمپنیاں طلب کی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اور دہشت گردوں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر حکومت پنجاب چہلم امام حسینؑ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اس لئے اس صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے بعض اضلاع میں فوج اور رینجرز کی ضرورت ہے۔

پنجاب حکومت نے لیٹر میں لکھا ہے کہ امن وامان کے لئے سول اداروں کی معاونت کے لئے 33 کمپنیاں فوج اور آئین کے آرٹیکل 245 کے سیکشن چار کی ذیلی شق دو کے تحت انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے اختیارات فوج کو دیئے جائیں، اس کے ساتھ ساتھ 12 کمپنی فوج بھی سی آر پی سی کی انڈر سیکشن 131 کے تحت پنجاب حکومت کے حوالے کی جائیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی پنجاب کرنل سعید وجاہت خان ہمدانی کے دستخط سے لیٹر جاری کیا گیا۔ لاہور میں 12 اور 13 دسمبر کو دو کمپنی فوج اور دو کمپنی رینجرز، راولپنڈی میں 11 سے 15 دسمبر تک 14 کمپنی فوج اور 3 کمپنیاں رینجرز، اٹک کے ضلع میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج، چکوال میں 9 اور 10 دسمبر کو دو کمپنی فوج، سرگودھا میں 12 اور 13 دسمبر کو تین کمپنی فوج، میانوالی میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج اور ایک کمپنی رینجرز، بھکر میں 12 اور 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج اور ایک کمپنی رینجرز، ملتان میں 13 دسمبر سے 21 دسمبر تک دو کمپنی فوج اور دو کمپنی رینجرز، لودھراں میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج، ڈی جی خان میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج، راجن پور میں 8 اور 9 دسمبر کو ایک کمپنی فوج، لیہ میں 13 سے 15 دسمبر کو ایک کمپنی فوج اور بہاولپور میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج اور ایک کمپنی رینجرز، بہاولنگر میں 12 سے 13 دسمبر تک ایک کمپنی فوج ایک کمپنی رینجرز ، رحیم یار خان میں 13 دسمبر کو ایک کمپنی فوج ایک کمپنی رینجرز کی طلب کی گئی ہے۔
صحافی : تصور حسین شہزاد
خبر کا کوڈ : 421849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش