0
Thursday 14 May 2015 20:12

فلسطینیوں کے حق میں اور غاصب اسرائیل کے خلاف فلسطین فاؤنڈیشن اور انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کا احتجاجی مظاہرہ

فلسطینیوں کے حق میں اور غاصب اسرائیل کے خلاف فلسطین فاؤنڈیشن اور انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے تحت غاصب اسرائیل کے ناپاک وجود کے قیام کے خلاف ’’یوم نکبہ‘‘ کی مناسبت سے جاری ’’فلسطین واپسی‘‘ مہم کے تحت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (پی ایل ایف) اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی ) کے زیر اہتمام فلسطینیوں کے حق میں اور فلسطین پر غاصب اسرائیلی تسلط کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم عمل متعدد تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابرابو مریم، پائیلر کے ڈائرکٹر کرامت علی، ایچ آر سی پی کے وائس چئیر مین اسد اقبال بٹ، سیکولر فورم کے منیر میمن، اعظم ملک، ایس ڈبلیو او کی رافیہ گلانی، ریلوے یونین کے مقدر زمان، پی آئی اے سکائی ویز سے شیخ مجید، ٹریڈ یونین کے جنت حسین، متحدہ لیبر فیڈریشن کے جعفر خان، ایمیٹی انٹر نیشنل کے طارق شاداب سمیت حسن اطہر اور سعید بلوچ نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میں جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ کے محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر محمد حسین محنتی و دیگر بھی شریک ہوئے۔

شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے فلسطین واپسی کے حقوق سمیت غاصب اسرائیل اور اس کے سرپرست عالمی استعماری قوتوں امریکہ اور برطانیہ کے خلاف نعرے آویزاں تھے جبکہ مظاہرین نے گذشتہ روز کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے والے بس مسافروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے لئے بھی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہ صرف فلسطین بلکہ پورے مغربی ایشیاء بشمول لبنان، شام، اردن، مصر، لیبیا، افغانستان، عراق اور پاکستان کو اپنی ناپاک سازشوں کا نشانہ بنا رکھا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کے تانے بانے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل سے ہی جا ملتے ہیں، اس موقع پر مظاہرین فلسطینیوں کے حق میں اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے بھی لگا رہے تھے۔

شرکائے احتجاجی مظاہر ہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے کہ جس کے قیام کے روز اول سے ہی مظلوم فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی بری طرح سے پائمالی کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو 67 برس گذر جانے کے باوجود بھی جاری ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن تسلیم کیا جائے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لائے جائیں اور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق بالخصوص حق واپسی کا تحفظ کیا جائے، فلسطین میں جاری غاصبانہ صیہونی تسلط کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی تسلط کو فی الفور ختم کروانے میں عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امریکہ اور برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ لاکھوں بے گناہ انسانوں کی قاتل صیہونی غاصب ریاست کی سرپرستی بند کی جائے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کاز کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھنے میں عوام اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 460844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب