0
Friday 26 Jun 2015 14:02

مستونگ، مسافر ویگن اور ٹرک میں تصادم، 14 افراد جاں بحق 7 شدید زخمی

مستونگ، مسافر ویگن اور ٹرک میں تصادم، 14 افراد جاں بحق 7 شدید زخمی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسافر ویگن اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 7 شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر سے ہے۔ دو سگے بھائی اور ویگن ڈرائیور بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو مستونگ اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کھڈ کوچہ اسماعیل ابراہیم کے مطابق خونی حادثہ جمعرات کی دوپہر کوئٹہ سے پینتالیس کلو میٹر دور ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مدینہ ہوٹل کے قریب پیش آیا۔ جہاں تیز رفتار مسافر ویگن اور مزدا ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا۔ مسافر ویگن رجسٹریشن نمبر AF5644 قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر سے مسافروں کو لے کر کوئٹہ جارہی تھی۔ جبکہ پھلوں سے لدا مزدا ٹرک قلات کی طرف جارہا تھا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ویگن کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ جبکہ مزدا ٹرک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حادثے میں ویگن میں سوار 12 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 افراد نے اسپتال میں دم توڑا، اور سات افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز اوردیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمی اور جاں بحق افراد کو مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور نواب غوث بخش میموریل اسپتال پہنچایا، جہاں ایمر جنسی نافذ کردی گئی۔لیویز کے مطابق جاں بحق افراد میں ویگن ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہیں۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ لیویز کے مطابق 13افراد کی لاشیں مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور ایک لاش کوئٹہ کے بولان میڈیکل اسپتال پہنچائی گئی۔

تین زخمیوں کو نواب غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ اور چارزخمیوں کو بولان میڈیکل اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں پڑی 13 میں سے 12 افراد کی شناخت ہوگئی۔ جبکہ بولان میڈیکل اسپتال لائی گئی لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر قلات صلاح الدین نورزئی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد منگچر بھی جائے حادثہ پہنچے۔ انہوں نے مستونگ کے اسپتالوں میں زخمیوں کی بھی عیادت کی۔ دریں اثناء ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں تیز رفتار کار قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں چار افراد ڈرائیور جاوید، ایوب ، محمد یوسف اور فقیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اوتھل کے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 469341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے