0
Saturday 11 Jul 2015 07:05

کراچی آپریشن مکمل ہونے کا کوئی وقت مقرر نہیں، ڈی جی رینجرز

کراچی آپریشن مکمل ہونے کا کوئی وقت مقرر نہیں، ڈی جی رینجرز
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات چار ماہ کے بجائے صرف 30 روز کے لیے بڑھائے جانے کے ایک دن بعد ڈائریکٹر جنرل رینجرز نے سوشل میڈیا پر وضاحت کر دی کہ کراچی آپریشن مکمل کرنے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں۔ ڈی جی رینجرز نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ کراچی کے قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک یہ اپنے منطقی انجام تک نہ پہنچ جائے۔ رینجرز کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ @Bilalak80 رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل کا حقیقی اکاؤنٹ ہے۔

ٹوئیٹ میں یہ واضح نہیں کہ وہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن کی ہی بات کر رہے تھے تاہم بطور ڈی جی رینجرز اس بات کو مان لینا مناسب ہو گا۔ ٹوئیٹ میں 'منطقی انجام' کا رخ بظاہر رینجرز کے آپریشن کی مخالف متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں سندھ حکومت کی جانب تھا جس نے رینجرز کے اختیارات صرف 30 دنوں اور کراچی ڈیویژن تک محدود کر دیے۔

تاہم پی پی پی رہنما سینیٹر سعید غنی نے میڈیا کو بتایا کہ رینجرز کے سربراہ کا ٹوئیٹ کوئی خاص بات نہیں۔ انہوں نے محتاط انداز میں کہا ' اس (ٹوئیٹ میں) میں یہ نہیں کہا گیا کہ کارروائی صرف رینجرز نے ہی کرنی ہے۔' کچھ عرصہ قبل سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ڈی جی رینجرز کو خط لکھا جس میں رینجرز پر اختیارات اور مینڈیٹ سے تجاوز کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا کہ رینجرز کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری پر مینڈیٹ دیا گیا ہے جبکہ مالیاتی جرائم اور کرپشن اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
خبر کا کوڈ : 472993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش