0
Thursday 22 Dec 2016 20:13

اگر نواز شریف اقتدار سے الگ ہو جائیں تو ملک اور عوام کے تمام مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے، غنویٰ بھٹو

اگر نواز شریف اقتدار سے الگ ہو جائیں تو ملک اور عوام کے تمام مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے عوام کے تمام مسائل و مصائب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف پاناما لیکس کے مسئلے پر سیاست کرنے کے عمل کو موجودہ سامراجی نظام کو دوام بخشنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ستر کلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر نواز شریف اقتدار سے الگ ہو جائیں گے تو ملک اور عوام کے تمام مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے، جبکہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے نواز شریف اور ان کے خاندان کو بچانے کیلئے صرف کر رہی ہے، جو ایک عوام دشمن عمل ہے، جس کے ذریعے موجودہ فرسودہ طبقاتی ظالمانہ نظام کو بچانے اور ایک دوسرے کو موقع فراہم کرنے کی سیاست کی جا رہی ہے، عوامی مسائل پر نہ تو حکومت سنجیدہ ہے، نہ ہی حزب اختلاف عوامی مسائل کو ایوانوں میں موضوع بحث بنانا چاہتی ہے۔

غنویٰ بھٹو نے الیکٹرانک میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ بعض میڈیا کے ادارے دو ماہ سے بھی زیادہ عرصہ گذر جانے کے باوجود عوامی مسائل اور ملکی بحرانوں کو نذر انداز کرتے ہوئے پاناما لیک کو مسلسل اپنے ٹاک شوز کی زینت بنائے ہوئے ہیں، جس سے ان کے ایجنڈا کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ان کو حقیقی عوامی اشوز سے کتنی دلچسپی ہے۔ غنویٰ بھٹو نے عوام پر زور دیا ہے کہ انہیں اپنے حقوق کی جنگ خود لڑنی ہوگی، جس کیلئے ایک منظم نظریاتی جدوجہد کی ضرورت ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے ووٹ کے ذریعے عوام دوست قیادت کا انتخاب کریں، تاکہ ماضی کی طرح ان کے ساتھ دھوکا دہی نہ کی جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 593792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب