0
Thursday 5 Jan 2017 12:47

وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونکی ہے، نواز شریف

وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونکی ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے، کشمیر کی جنت نظیر وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔ کشمیر سے متعلق بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ و شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے، وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پھونک دی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ 6، 7 ماہ سے جاری پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مقبوضہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔ حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 597291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے