0
Friday 16 Jun 2017 16:26

اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن کا ملک بھر میں یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان

اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن کا ملک بھر میں یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر حبدار علی حیدری اور اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے دفتر المہدی سینٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس پر جعلی ریاست اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینی مسلمانوں پر صیہونی مظالم کے خلاف 27 رمضان المبارک کو پاکستان بھر میں اصغریہ پاکستان کی جانب سے بھی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، جس میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، جن میں اصغریہ پاکستان کی مرکزی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔ اس موقع پر فضل حسین اصغری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر نہیں منایا جاتا، سعودی عرب سمیت دیگر عرب ریاستیں کو امت مسلمہ کی بجائے اپنے مفادات مقدم ہیں، جس کیلئے وہ ہر طرح کا دباؤ استعمال کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو القدس کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنی ہوگی، ہمیں حزب اللہ کو سپورٹ کرنا چاہیے، جو اسرائیلی بربریت کا انہتائی جرأت کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو بدنام کرنے کیلئے داعش، النصرہ اور طالبان طرز کی دہشتگرد جماعتوں کی تشکیل کی گئی، تاکہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما کر پیش کیا جا سکے۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر حبدار علی حیدری نے کہا کہ قبلہ اوّل کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے، جس کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا کہ فلسطین انبیاء علیہم السلام کی سرزمین ہے، اس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزادی پسند قوم تسلیم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس اور اصغریہ آرگنائزیشن کی جانب سے سندھ بھر میں ماہ رمضان المبارک میں القدس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی حمایت اور موجودہ حالات میں فلسطین کاز کے خلاف جاری صیہونی سازشوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائے گی، تاکہ امت مسلمہ صیہونی و عربی سازش کا شکار ہو کر القدس کو فراموش نہ کر دے۔ انہوں نے سندھ بھر میں تمام یونٹس، ڈویژنز اور دیگر شیعہ سنی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور اس عنوان سے بھرپور اجتماعات منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کو ملک بھر میں سرکاری سطح پر منا کر مظلوم فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت کا عملی ثبوت پیش کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 646439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے