0
Wednesday 15 Nov 2017 10:48
ملک میں دہشت گردی پاکستان کو کمزور کرنیکی بین الاقوامی سازش ہے

ایم ایم اے کی بحالی میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار، بحالی سے دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلام پسند جماعتوں کا مثبت تاثر جائیگا

مذہبی جماعتوں کا دوبارہ اتحاد ملک میں مختلف مذہبی گروپوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے میں کردار ادا کریگا
ایم ایم اے کی بحالی میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار، بحالی سے دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلام پسند جماعتوں کا مثبت تاثر جائیگا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی دوبارہ بحالی میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ 2002ء کے عام انتخابات سے قبل 6 مذہبی جماعتوں کا اتحاد بنا تھا، جسے ایم ایم اے کا نام دیا گیا تھا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں نے ایم ایم اے بنائی تھی، ان کا خیال تھا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اسے دوبارہ بحال کیا جائے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں مبینہ سیاسی انجینئرنگ کی طرح مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے پیچھے بھی کسی تیسری قوت کا ہاتھ ہے، لیکن ملک میں فرقہ واریت اور مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے اور ایم ایم اے کی دوبارہ بحالی میں ان کی جماعت نے کردار ادا کیا۔ ایم ایم اے میں کالعدم جماعتوں کے رہنما یا 1997ء کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل رہنماؤں کی موجودگی پر سوال کا دفاع کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جن پر مقدمات ہیں، وہ عدالتوں سے مقدمات ختم کرانے کے بعد ایم ایم اے کا حصہ بن سکیں گے، جبکہ جن پر کوئی مقدمہ نہیں ہے، ان کو مرکزی سیاست میں آنے کا موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پاکستان کو کمزور کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے، ایم ایم اے نے پہلے بھی فرقہ واریت اور مذہبی انتہا پسندی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا تھا اور امید ہے کہ مذہبی جماعتوں کا دوبارہ اتحاد ملک میں مختلف مذہبی گروپوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلام پسند جماعتوں کا مثبت تاثر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی رسمی بحالی کے بعد جلد ہی ان کی جماعت جے یو آئی (ف) وفاقی حکومت جبکہ جماعت اسلامی خیبر پختوانخوا کی اتحادی حکومت چھوڑ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا سے انضمام کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں لینا چاہیے، یہ ایک اہم فیصلہ ہے، جس پر غور کرنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں کئے جانے والے مظالم پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان تعلقات خطے میں عدم استحکام کا باعث ہیں۔
خبر کا کوڈ : 683489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب