0
Sunday 19 Nov 2017 20:24

نواز شریف خود کو خود نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

نواز شریف خود کو خود نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 2018ء کے عام انتخابات میں خیبر پختونخوا میں بھی حکومت نہیں بنا سکے گی، عمران خان سندھ میں جلسے کریں، ہم ان کو سیکورٹی فراہم کریں گے، وہ جعلی خان ہیں اور ان کی باتیں بھی جعلی ہیں، وہ خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں، ان کی قیادت پر کوئی اور نہیں، خود اپنے لوگ الزامات لگا رہے ہیں۔ سکھر پریس کلب میں سینئر صحافی اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید میمن کی کتاب ”تنہائی کا مسافر“ کی تقریب رونمائی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین علاج کیلئے بیرون ملک جا رہے ہیں، ان کے کسی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اس کی سوچ اور فیصلوں کے باعث نقصان ہو رہا ہے، اگر نواز شریف عدالتی احکامات کے بعد کوئی سیاسی فیصلہ کرتے، تو شاید آج ان کو یہ دن دیکھنا نہ پڑتا، ان کی اپنی پتہ نہیں کیا سوچ ہے کہ وہ خود کو خود نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں، ان کو عقل سے فیصلے کرنے چاہئیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسحاق ڈار بیمار ہیں تو ان کو وزارت چھوڑ دینا چاہئے تھا اور حکومت کو بھی چاہئے کہ وزارت خزانہ کسی اور کو دے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم دو دن کے نکاح اور اس کے ٹوٹنے کے بعد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کیونکہ کراچی میں دھونس اور دھاندلی کی سیاست ختم ہو چکی ہے اور ان کو ابھی سے الیکشن کے نتائج دکھائی دے رہے ہیں، اس لئے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا حق مل جائے، تو کراچی کے 2018ء کے الیکشن کے نتائج پی ایس 114 کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مردم شماری پر تحفظات اور خدشات موجود ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے پہلے ہی روز خدشات کا اظہار کیا تھا، اب اگر پانچ بلاکس کھول کر ان کے نتائج دیکھے جائیں اور اگر وہ مساوی ہوں تو ہمارے خدشات ختم ہو جائیں گے، کیونکہ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مردم شماری کے نتائج پر ہمارے تحفظات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 684432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے