QR CodeQR Code

کراچی میں ڈاکو راج، شہری گھروں کے سامنے لٹنے لگے

23 Apr 2018 03:48

ضلع وسطی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ضلع وسطی میں فجر کی نماز کے بعد سے موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا آغاز ہوجاتا ہے جو مختلف علاقوں میں رات گئے تک جاری رہتا ہے اور رات 12 بجتے ہی ضلع وسطی کے تھانوں کی جانب سے گرفتاریاں ظاہر کرنے کا عمل شروع کردیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی کے ضلع وسطی میں پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر نشئی سمیت درجنوں ملزمان کی گرفتاریوں کے دعوؤں کے باوجود اسٹریٹ کرائم کے علاوہ موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ گذشتہ روز صبح 7 بج کر 20 منٹ پر گلبرگ کے علاقے بلاک 13 میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے شہری کو گھر کے سامنے ہی لوٹ لیا اور موٹر سائیکل چھین کر لے گئے، شہری موٹر سائیکل پر جیسے ہی اپنے گھر کے مرکزی گیٹ پر پہنچا ڈاکو تعاقب میں اس کے پیچھے آئے اور چند سیکنڈ میں اس کی تلاشی کے دوران جیب سے موبائل فون اور نقدی کے علاوہ موٹر سائیکل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ ضلع وسطی میں لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور پولیس کی جانب سے کارکردگی دکھانے کے لئے فٹ پاتھ پر سونے والے نشئی افراد کو اسٹریٹ کرمنل ظاہر کرکے ان سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرنے کے دعوے نے ضلع وسطی پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالیہ نشانات لگا دیئے۔ اعلٰی افسران کی جانب سے اسنیپ چیکنگ میں ہر تھانے کو 15 سے زائد موٹر سائیکلیں بند کرنے کے احکام نے بھی ضلع وسطی کے مکینوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شام کو جس وقت ٹریفک کا بے انتہا رش ہوتا ہے عائشہ منزل پر پولیس نے اسنیپ چیکنگ کی آڑ میں موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا عمل شروع کر دیا جس کی وجہ سے عائشہ منزل چورنگی کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، اس دوران وہاں پر موجود کار سوار نے پولیس کے اس عمل کی نشاندہی کی جو ٹریفک جام کا سبب بن رہا تھا وہاں پر تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں مغلظات دیں اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے کے الزام میں بند کرنے کی بھی دھمکی دی۔ ضلع وسطی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ضلع وسطی میں فجر کی نماز کے بعد سے موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا آغاز ہوجاتا ہے جو مختلف علاقوں میں رات گئے تک جاری رہتا ہے اور رات 12 بجتے ہی ضلع وسطی کے تھانوں کی جانب سے گرفتاریاں ظاہر کرنے کا عمل شروع کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ اعلٰی افسران کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 719840

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/719840/کراچی-میں-ڈاکو-راج-شہری-گھروں-کے-سامنے-لٹنے-لگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org