0
Tuesday 26 Jun 2018 16:12

اگر بھارت پر انحصار کیا تو ہم تباہ ہو جائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں، شہباز شریف

اگر بھارت پر انحصار کیا تو ہم تباہ ہو جائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا وقت کے ضیاع کے مترادف ہے، اگر بھارت پر انحصار کیا تو ہم تباہ ہو جائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں، کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائنز ہونی چاہیے تھیں اور اگر ہمیں موقع ملا تو گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، کراچی سے اس لیے الیکشن لڑ رہا ہوں کہ یہ پاکستان کا دل ہے، پہلے کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی، ہماری حکومت نے کراچی کا امن بحال کیا، رینجرز اور پولیس کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے، دہشتگردی کا قوم اور فوج نے بڑی جان فشانی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کی وجہ سے کراچی کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے، کماؤ شہر کراچی کے 2 کروڑ کی آبادی کے ساتھ زیادتی ہے، یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اہم مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی بحران میں مبتلا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں کم از کم 10 میٹرو لائن ہونی چاہئیے تھیں، ہم آئندہ کراچی میں 3 اورنج میٹرو لائنز لائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کی کنجی تعلیمی ادارے ہیں، اگر ہم کراچی سے الیکشن جیت گئے تو منتخب ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائے گا۔ صدر (ن) لیگ نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد 16 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، جنہیں طاقتور بنانا ہے، اسٹیٹ بینک کو پابند بنائیں گے کہ وہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا چیلنج پانی کی قلت ہے، الیکشن جیت کر آبی قلت پر قابو پائیں گے، ملک میں چھوٹے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا وقت کے ضیاع کے مترادف ہے، پانچ سال میں بھاشا ڈیم کا 70 فیصد کام ہو سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اگر بھارت پر انحصار کیا تو ہم تباہ ہو جائیں گے، اب ہمیں ڈیمز بنانے ہیں، ہمیں موقع ملا تو اولین ترجیح بھاشا ڈیم بنانا ہوگی، بھاشا ڈیم سے سندھ کی ضرورت پورا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 733758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے