0
Friday 12 Oct 2018 08:25

امریکا نے اپنے ایف 35 لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا

امریکا نے اپنے ایف 35 لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ امریکی فوج نے جنوبی کیرولینا میں ہونے والے فضائی حادثے کے بعد اپنے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے بیڑے کو گراؤنڈ کر دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق طیاروں کے فیول ٹیوبز میں آنے والی خرابی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ واضح رہے کہ امریکا کا ایف 35 لڑاکا طیارہ دنیا کے سب سے بڑے اور سب سے مہنگے ہتھیاروں کے پروگرام میں شامل ہے۔ اس پروگرام کو آخری کچھ دہائیوں تک باقی رہنا تھا اور اس کی عالمی منڈی میں 3 ہزار یونٹس فروخت ہونے کا عندیہ دیا جا رہا تھا۔ امریکی حکومت کے احتساب ادارے نے اس منصوبے کا تخمینہ 10 کھرب ڈالر لگایا ہے۔
 
ایف 35 طیارے کے جوائنٹ پروگرام آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور اس کے عالمی شراکت داروں نے فلائٹ آپریشنز بند کر دیے ہیں اور طیاروں کے فیول ٹیوبز کی جانچ پڑتال تک یہ بند ہی رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طیاروں میں لگائے گئے فیول ٹیوبز میں خرابی سامنے آنے پر اسے تبدیل کر دیا جائے گا اور اگر اس میں ٹھیک فیول ٹیوبز ملے تو طیاروں کو اڑان کی اجازت دے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جانچ پڑتال کا یہ عمل اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 29 ستمبر کو جنوبی کرولینا میں ایف 35 بی طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نقصان کا اندازہ 10 کروڑ ڈالر لگایا گیا۔ حادثے سے پہلے پائلٹ نے طیارے سے نکل کر خود کو بچالیا تھا تاہم طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ امریکا کے ہتھیار بنانے والے ادارے لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے تیار کیے گئے اس طیارے کو برطانیہ سمیت جاپان، اٹلی، ترکی اور جنوبی کوریا کو فروخت کیا گیا۔ اس طیارے کو پہلی مرتبہ اسرائیل کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں 2 فضائی حملوں کے لیے استعمال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 755370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے