0
Sunday 14 Oct 2018 01:40

قومی کی 11 اور صوبائی کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا

قومی کی 11 اور صوبائی کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ آج ہوگی اور 35 حلقوں میں اُمیدوار قسمت آزمائیں گے جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ آج ہوگی اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں، پولنگ 35 حلقوں میں ہوگی جن میں  قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 24 حلقے شامل ہیں۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی ایک، پنجاب کی 8، سندھ  اور خیبر پختونخوا کی ایک ایک نشست پر انتخاب ہوگا جبکہ پنجاب اسمبلی  کی 11، سندھ کی 2، خیبر پختونخوا کی 9 اور بلوچستان کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ پاک فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز اور دوسرا سامان پولنگ اسٹیشنز پہنچا دیا گیا ہے، پولنگ صبح 8 بجے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ ضمنی الیکشن کے لئے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، 641 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے، 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جس کے لئے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، مختلف حلقوں کے1727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخابات میں  40 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان فرائض سرانجام دیں گے جب کہ ایک لاکھ پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے جبکہ وزارت توانائی کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولنگ کے دوران متعلقہ حلقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اسٹاف کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق سکیورٹی اسٹاف پریذائیڈنگ آفیسر اور آر اوز کے ماتحت ہوں گے، سکیورٹی حکام بیلٹ پیپرز کی گنتی میں مداخلت نہیں کریں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 755668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے