0
Tuesday 27 Nov 2018 16:31

ایف اے ٹی ایف کی ڈیڈ لائن لمحہ فکریہ ہے، اسفندیار ولی

ایف اے ٹی ایف کی ڈیڈ لائن لمحہ فکریہ ہے، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالے لگانے کے بعد عنقریب نیب خاتمے کا نوٹیفیکیشن متوقع ہے، ایف اے ٹی ایف کی طرف سے ملنی والی ڈیڈ لائن لمحہ فکریہ ہے، حکومت ایسے لوگوں کے حوالے کی گئی ہے جنہیں پالیسیاں بھی چیف جسٹس بنا کر دے رہے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے 15 دسمبر کی ڈیڈلائن کے حوالے سے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کرپشن اور احتساب کی گردان کرنے والوں کو ایف اے ٹی ایف پر بھی مؤقف دینا چاہیئے، حکومت وضاحت کرے کہ اس اہم ایشو پر جواب حکمران دیں گے یا کوئی اور ادارہ اس کیلئے بھی میدان میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریاست گرے لسٹ سے نکلنے کی خاطر FATF کو مطمئن کر لیتی ہے تو ہم بھی تسلیم کر لیں گے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اسفندیار ولی نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ مقتدر قوتوں اور ان کے چہیتوں کی طرف سے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے خاموشی معنی خیز ہے، کرپٹ اور بد عنوان کا لفظ سیاسی قوتوں کے خلاف علامت کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ مسلط وزیراعظم کے اپنے بیانات ملک کو عالمی سطح پر کرپٹ اور بد عنوان ہونے کی سند جاری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقتدر حلقے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نازک صورتحال کا ادراک کریں۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ہم روز اول سے تمام اداروں اور افراد کے بلا امتیاز احتساب کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں جبکہ بدقسمتی سے ملک میں احتساب کو سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام کے طور پر استعمال کیا جانے لگا ہے۔ انہوں نے گذشتہ دنوں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر ایک بار پھر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کابل ،ضلع اورکزئی اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کو ففتھ جنریشن وار کے جعلی بیانیہ سے نہیں دبایا جاسکتا، اس کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور حکومت سمیت ریاست کے مقتدر ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پالیسیاں ری وزٹ کریں۔
خبر کا کوڈ : 763537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش