0
Tuesday 26 Feb 2019 11:48

مسعود اظہر کے بہنوئی کو ہلاک اور جیش محمد کے سب سے بڑے مرکز کو تباہ کرنیکا بھارتی دعویٰ

مسعود اظہر کے بہنوئی کو ہلاک اور جیش محمد کے سب سے بڑے مرکز کو تباہ کرنیکا بھارتی دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے پاکستان میں فضائی کارروائی کرکے جیش محمد کے سب سے بڑے تربیتی مرکز پر حملہ اور متعدد مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھارتی دراندازی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر پاک فضائیہ فوری طور پر حرکت میں آئی اور بھارتی طیارے واپس چلے گئے۔ تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے فضائی کارروائی کرکے بالاکوٹ میں واقع جیش محمد کے سب سے بڑے تربیتی مرکز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

روزنامہ ڈان کی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ وی کے گوکھالے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پلوامہ حملے اور انڈین پارلیمنٹ سمیت متعدد حملوں میں ملوث جیش محمد کے ٹھکانوں کی موجودگی کے حوالے سے انہوں نے پاکستانی حکام کو اطلاع دی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جہادیوں اور فدائیوں کی تربیت کے لیے استعمال کیے جانے والے اس نیٹ ورک کو حکومتی مدد کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں مستند خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جیش محمد بھارت میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کے سبب ہمارے لیے کارروائی کرنا ناگزیر تھا۔

گوکھالے نے کہا کہ بھارت نے بالا کوٹ میں موجود جیش محمد کے سب سے بڑے تربیتی مرکز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں مسعود اظہر کے بہنوئی سمیت متعدد مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اسی لیے یہ کارروائی رات گئے کی گئی، تاکہ شہریوں کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ گوکھالے نے کہا کہ یہ کارروائی چند گھنٹوں قبل کی گئی، جس میں جیش محمد کے اہم کمانڈرز کو مار دیا گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ اور سکیورٹی آفیشلز کی اس پریس کانفرنس سے قبل سکیورٹی پر بھارتی کابینہ کمیٹی نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ واضح رہے کہ بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھی بھارتی پائلیٹس کو سیلوٹ کرتے ہوئے انکی تعریف کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 780164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب