1
Thursday 2 May 2019 15:38

قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز

قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوشش کے لیے قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق دوسری جانب افغان حکومت نے کابل میں اسمبلی کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کسی بھی امن معاہدے کی صورت میں اس کے مفادات کو مدِنظر رکھا جائے۔

اس ضمن میں طالبان کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے طالبان کے سیاسی سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی جو عسکریت پسندوں کے وفد کی قیادت کررہے تھے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے اہم ترین پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ 2 نکاتی ایجنڈے، افغانستان سے غیر ملکی افواج کا مکمل انخلا اور افغانستان سے کسی کو نقصان پہنچنے کی روک تھام، کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس مسئلے کے دیگر پہلوؤں کے حل کی راہیں بھی ہموار کرے گا اور ہم اس سے پہلے دوسری جانب توجہ نہیں دے سکتے۔ دوسری جانب کابل میں موجود امریکی سفارت خانے سے صرف اس بات کی تصدیق ہوسکی کہ مذاکرات ہورہے ہیں۔

اس ضمن میں ایک مغربی سفارتکار کا کہنا تھا کہ اس مذاکراتی دور میں زلمے خلیل زاد اور ان کا وفد سب سے پہلے لڑائی روکنے کے لیے جنگ بندی کے اعلامیے پر توجہ دیں گے۔ امریکی سفارت کار کے ساتھ مل کر کام کرنے والے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ متوقع طور پر تنازع کا سیاسی حل نکالنے کے لیے طالبان کی بین الافغان مذاکرات میں شمولیت پر اصرار کریں گے لیکن طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ حالیہ مذاکرات میں افغان حکومتی نمائندوں کو شامل ہونے کی اجازت نہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 791810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب