0
Wednesday 22 May 2019 17:05

آئی ایس او آج بھی شجر طیبہ کی صورت میں ملک کے گوشے گوشے میں موجود ہے، مولانا علی افضال رضوی

آئی ایس او آج بھی شجر طیبہ کی صورت میں ملک کے گوشے گوشے میں موجود ہے، مولانا علی افضال رضوی
اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان آج ایک تناور درخت اور شجر طیبہ کی صورت میں آج ملک کے گوشے گوشے میں موجود ہے، یہ آئی ایس او پاکستان کا امتیاز ہے کہ آئی ایس او کا شمار آج دنیا کی عالمی طلبہ تنظیموں اور تحریکوں میں ہوتا ہے، آئی ایس او نے بحرانوں میں بھی خط ولایت کو برقرار رکھا، جس کی آئی ایس او کو سزائیں بھی دی گئیں، اس کے مقابلے میں دیگر طلبہ تنظیموں کو وجود میں لایا گیا تاکہ انہیں خط ولایت سے ہٹایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا علی افضال رضوی نے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 47 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کو تعلیمی اداروں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، آئی ایس او طلبہ کے لئے امید کی کرن ہے۔ تفصیلات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا  47 واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یومِ تاسیس کا مرکزی پروگرام آئی آر سی لان عائشہ منزل پر منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی اطلاعات سیکرٹری جلال حیدر، ڈویژنل صدر محمد عباس، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ مبشر حسن، مولانا حیدر عباس عابدی، سابق مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اصغر مہدی، علامہ صادق رضا تقوی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین سمیت آئی ایس او کے ممبران، سابق صدور، علماء کرام اور تمام جامعات و کالجز کے طلباء نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر محمد عباس کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان 47 سالہ جدوجہد کی ایک ایسی روشن حقیقت ہے جس کے اثرات و ثمرات کا وزن معاشرے میں واضع طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے، آئی ایس او کے یہ نوجوان اُس دور میں اسلام کے نمائندے بن کر ابھرے کہ جب تعلیمی اداروں میں دین کی بات کرنے والوں اور باریش جوانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، ایسے مشکل حالات میں آئی ایس او نے جوانوں کو کمیونزم اور سوشلزم کی دلدل سے نکال کر ایک نئی شناخت عطا کی اور تعلیمی رشد عطا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فکری شعور کو اجاگر کرتے ہوئے جوانوں کو ایک عالمی نہضت کے ساتھ مربوط کردیا۔  مرکزی اطلاعات سیکرٹری جلال حیدر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقام شکر ہے کہ آج ہم اس نعمت پروردگار کا 47 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں، یہ دن جہاں تشکر کا دن ہے وہیں محاسبہ اور تجدید عہد کا دن ہے، اس دن تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم ماضی کی طرح اپنے سفر کی پہلے سے کہیں زیادہ منظم اور مستحکم انداز میں جاری رکھیں گے، آج آئی ایس او پاکستان کا شمار فقط ایک طلبہ تنظیم کے طور پر نہیں بلکہ عالمی اسلامی تحریکوں میں ہوتا ہے، دنیا کی تمام انقلابی، اسلامی تحریکیں آئی ایس او پاکستان سے واقف ہیں اور اسے پاکستان میں استعماری سازش کے خلاف نبردآزما جوانوں کی ایک منظم تحریک کے طور پر پیش کرتی ہیں، اس عظیم موقع پر ملت اسلامیہ کے تمام غیور فرزندان سے التماس کروں گا کہ وہ اس مقام پر خدا کا شکر ادا کریں اور اس کارواں حریت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 795761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے