0
Monday 27 May 2019 21:21

ایم کیو ایم پاکستان کا جنوبی سندھ صوبے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا ارادہ

ایم کیو ایم پاکستان کا جنوبی سندھ صوبے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا ارادہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیراعظم کی طرف سے سندھ کی تقسیم کے خلاف بیان کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت کے بغیر جنوبی سندھ صوبے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس ضمن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سیدامین الحق نے کہا کہ جمہوری طریقے سے کراچی میں عوام نے جلسے میں صوبے سے متعلق قرارداد منظور کی، ہماری خواہش ہے یہ بل جلد اسمبلی میں آجائے اور اس متعلق تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف اتحادی ہیں، دونوں جماعتوں کا اپنا اپنا نظریہ ہے، وزیراعظم کا اعلان ان کی جبکہ ایم کیو ایم کی اپنی حکمت عملی ہے جس سے وہ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو آواز بلند کرنی چاہیئے تاکہ صوبوں سے آگے نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہوں، ہم ماضی میں حکومت میں رہے لیکن اب واحد جماعت ہیں جو چھ سالوں سے حزب اختلاف میں ہیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی 11 سالوں سے سیاہ و سفید کی مالک ہے، اس نے شہری سندھ  کا استحصال کیا، بلاول بھٹو نے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کے اعلان کی مخالفت کی جبکہ ہم نے تھر میں یونیورسٹیوں کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کیا، ہم شہری اور دیہی سندھ کی ترقی چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ پہلے مئیر کے پاس اختیارات تھے لیکن پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدر آباد کو نشانہ بنانے کے لئے نیا بلدیاتی قانون بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں بات چیت جاری رکھتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی جو کرتی ہے اس کی وجہ تعصب ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کی بے حسی کے باعث پہلے سے جاری منصوبوں کو نظرانداز کیا گیا، یہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے صوبے میں یونیورسٹی کی بھی مخالفت کی۔
خبر کا کوڈ : 796602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش