0
Saturday 6 Jul 2019 16:06

37 لیگی ارکان تیار، فارورڈ بلاک کیلئے مزید 17 ارکان چاہیئں، شیخ رشید

37 لیگی ارکان تیار، فارورڈ بلاک کیلئے مزید 17 ارکان چاہیئں، شیخ رشید
اسلام ٹائم۔ وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 37 ارکان پنجاب اسمبلی کا گروپ تیار ہے، جو حکومت سے ملنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 37 ارکان صوبائی اسمبلی کا گروپ تیار ہے، ابھی 17 ممبر اور چاہیئں، امید ہے کہ اسی ماہ فارورڈ بلاک بن جائے گا، تاہم قومی اسمبلی میں نون لیگ کے فارورڈ بلاک کے لیے تعداد کم ہے اور اتنے ممبر نہیں مل رہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف بری طرح پھنس گئے ہیں، ایک طرف مریم ہے تو دوسری طرف حمزہ ہے، نون لیگ کی حکومت اور نواز شریف کو سو فیصد مریم نے مروایا ہے، مریم کی خواہش ہے کہ نواز شریف واقعی مرسی بن جائے اور میرا کام بن جائے، مریم نواز کو پتہ ہے کہ ان کی سیاست ختم ہوگئی، اس لیے جلسہ جلسہ کر رہی ہیں، لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں نے عمران خان کو کہا ہے کہ ان کو لندن جانے دو دفع کرو۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ آصف زرداری کمرہ خالی نہیں کر رہے، شاہد خاقان عباسی سمیت جو ٹی وی پر زیادہ چیخ رہا ہے، اس کی باری آرہی ہے اور وقت نزدیک ہے، آصف زرداری کے کمرہ خالی کرنے تک یہ انتظار کی فہرست میں ہیں، شہباز شریف ایسے سیاست دان ہیں، جو بےنامی اور چوری کے پیسے میں اپنی اہلیہ کو بھی پھنسائیں گے، خدشہ ہے کہ بہت سے سیاست دانوں کی اہلیہ بھی پکڑی جائیں گی، حکومت 15 روز کے اندر اندر اسحاق ڈار کو واپس لا رہی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے رہنے یا نہ رہنے سے ملکی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑتا، اپوزیشن اسے بھی نہیں ہٹا سکتی، کیونکہ پی پی پی کبھی نہیں چاہے گی کہ نون لیگ کا چیئرمین آئے، کھیل شروع ہوگیا ہے، یہ ماہ اور سیاست کے 90 دن بہت اہم ہیں، عمران خان کی جیت اور اپوزیشن کی شکست ہوگی۔

رانا ثناء اللہ کو جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں سیاست دان کو جیل میں اتنی سہولیات میسر ہیں کہ وہ اولاد بناتے ہیں، ان کی لڑائی یہ ہے کہ گھر کا کھانا بند ہوگیا، جیلوں میں ان کا کھانا جانے دیں، یہ کھا کھا کر ہی مر گئے ہیں۔ نواز شریف سے مرسیڈیز واپس لینے سے متعلق وزیر ریلوے نے کہا کہ کیا ان کی اوقات مرسیڈیز گاڑی ہے، جمہوریت کو شدید خطرات چور سیاستدانوں کی وجہ سے ہیں، چور سیاست دانوں نے سرنڈر نہ کیا تو جمہوریت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے متعدد ارکان قومی و پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 803504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب