0
Wednesday 18 Sep 2019 23:37

ملک اقرار حسین اور نثار فیضی کا بھائی کے قاتل کو معاف کرنے پر سید اظہر شاہ کو خراج تحسین

ملک اقرار حسین اور نثار فیضی کا بھائی کے قاتل کو معاف کرنے پر سید اظہر شاہ کو خراج تحسین
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء ملک اقرار حسین اور نثار علی فیضی نے ایم ڈبلیو ایم ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین شاہ کاظمی کی جانب سے اپنے بھائی کے قاتل کو معاف کرنے کے اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم برداشت اور انتقامی رجحان کی موجودہ فضا میں ایسے مثالی کردار کی اشد ضرورت ہے، تاکہ معاشرے میں امن و سکون قائم رہ سکے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ درگزر کرنا ثواب عظیم بھی ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کا درس حیات بھی۔ مقتول کے ورثاء نے خون کا بدلہ لینے کی بجائے معافی دینے کی جس اسلامی روایت کا انتخاب کیا ہے، اسے معاشرتی تنگ نظری اور علاقائی رسم و رواج نے زنگ آلود کر رکھا تھا۔

موجودہ معاشرے میں معاف کرنے کی بجائے انتقام لینے کو دلیری سمجھا جاتا ہے، حالانکہ اصل بہادری خوشنودی خدا کا حصول ہے، جو مخلوق خدا کو راضی کرکے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سید اظہر حسین شاہ کاظمی نے اپنے اقدام سے ثابت کیا ہے کہ وہ معاشرتی بے سود رسم و رواج اور حد بندیوں کی بجائے اللہ تعالیٰ کے قوانین کو مقدم سمجھتے ہیں اور اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام پر پوری طرح کاربند ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے سید اظہر حسین شاہ کاظمی اور ورثاء کے لیے صبر جمیل جبکہ مقتول امتیاز حسین کاظمی کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 816990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب