0
Monday 7 Oct 2019 11:58

افغانستان حکومت نے طالبان کے کئی قیدیوں کو رہا کر دیا

افغانستان حکومت نے طالبان کے کئی قیدیوں کو رہا کر دیا
اسلام ٹائمز۔ طالبان حکام نے کہا ہے کہ سابق شیڈو گورنرز سمیت گروپ کے کئی اراکین کو افغان جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ امن مذاکرات کے معطل ہونے اور پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں طالبان رہنماؤں کی امریکی نمائندہ خصوصی سے ملاقات کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ طالبان نے بھی اپنی قید میں موجود 3 انجینئرز کو رہا کر دیا ہے تاہم اب تک افغان حکومت کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ اس تمام معاملے پر طالبان حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی کیونکہ ان کو قیادت کی جانب سے میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ شمالی مشرقی صوبے کنر اور جنوب مغربی صوبے نمروز کے شیڈو گورنرز شیخ عبدالرحیم اور مولوی رشید ان طالبان میں شامل تھے جنہیں رہا کیا گیا۔ واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے ملک بھر میں شیڈو حکومت قائم کی گئی ہے جبکہ وہ علاقے جو ان کے زیراثر ہیں وہاں عدالتیں تک قائم ہیں۔ اس معاملے پر جب افغانستان کے محکمہ دفاع اور صدارتی دفتر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے گزشتہ ہفتے طالبان کے سب سے بڑے مذاکرات کار، طالبان تحریک کے شریک بانی اور پاکستان کا دورہ کرنے والے طالبان وفد کے سربراہ ملا عبدالغنی سے ملاقات کی تھی۔ طالبان نے کہا تھا کہ وہ وہاں موجود تقریباً 15 لاکھ افغان مہاجرین کی حالت سے متعلق تبادلہ خیال کرنے اسلام آباد آئے تھے۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد ستمبر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت پاکستانی حکام سے ہونے والی ملاقات کی پیش رفت کے سلسلے میں اسلام آباد آئے تھے۔

اگرچہ زلمے خلیل زاد کی طالبان کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات نہیں آئیں لیکن اس طرح کی رپورٹس ہیں کہ دونوں فریقین نے افغان دارالحکومت میں امریکی یونیورسٹی کے 2 پروفیسر ایک امریکی اور ایک آسٹریلین سمیت قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ امریکی پروفیسر کیون کنگ اور آسٹریلین تیموتھی ویکس کو 7 اگست 2016ء کو کابل میں اغوا کیا گیا تھا، بعد ازاں طالبان کی جانب سے 2 افراد کی ویڈیوز جاری کی گئی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 820557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے