0
Thursday 10 Oct 2019 16:34

بھارت کے جوہری معاملات میں تبدیلیوں سے باخبر ہیں، جنرل زبیر محمود

بھارت کے جوہری معاملات میں تبدیلیوں سے باخبر ہیں، جنرل زبیر محمود
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے اور ہمارے علم میں ہے کہ بھارت جوہری معاملات میں خطرناک تبدیلیاں لا رہا ہے جس کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جو ری تبدیلیوں میں فورسز کی تعیناتی، بیلسٹک میزائل ڈیفنس کی تیاری اور ان کی تنصیب، انٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ شامل ہیں۔ جنرل زبیر محمود حیات نے خبردار کیا کہ پاکستان کے پاس جواب دینے کیلئے بااعتماد تزویراتی حکمت عملی ہے جو نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو تمام ممکنہ اپشنز فراہم کرتی ہے، اس لئے بہتر ہے کہ امن کی بحالی پر توجہ دی جائے۔ رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جنرل زبیر محمود حیات نے دوٹوک کہا کہ ’ہندوتوا کی علمبردار راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ناصرف بھارت میں اقلیتوں کیلئے حالات مشکل کر دیئے بلکہ اس کے بڑھتے ہوئے جارحانہ عزائم پاکستان اور پورے خطے کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مقبوضہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل نکلا جائے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہیں اور وادی میں 60 دن سے زائد جاری کرفیو اور مواصلات پر پابندی انسانی شعور کیلئے ناقابل یقین ہے اور انسانی حقوق کی خلاف کھلی وزری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، کشمیری بھائیوں کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ کشمیر ہمارے خون میں دوڑتا ہے، پاکستان کشمیر ہے اور کشمیر پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے پائیدار امن کیلئے دہشت گردی کے خلاف جانی اور مالی نقصان برداشت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امن کیلئے ہماری کاوشوں کو ہماری کمزوری سمجھا گیا تو قوم، ملکی سالمیت اور خود مختار ریاست کے مفاد پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ فوج کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کیلئے ہر محاذ پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر ہاتھ ملایا جائے تو ہاتھ ملائیں گے لیکن آنکھیں دیکھائی تو آنکھیں دکھائیں گے‘۔ خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 821283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے