0
Friday 11 Oct 2019 06:53

معاشی استحکام سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، عمران خان

معاشی استحکام سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، ایسا ہوگیا تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات کے شعبے کو مراعات دینے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کل 687 بیمار صنعتی یونٹس ایسے ہیں، جنہیں فوری بحال کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 60 دن کے اندر ان یونٹس کی بحالی کیلئے مطلوبہ قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے، نجی شعبے کو بھی اسمال اینڈ میڈیم سائزڈ انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کے فروغ میں شامل کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کار کسی دقت یا ہچکچاہٹ کے بغیر سرمایہ کاری کر سکیں۔ وزیراعظم اعظم نے ہدایت کی کہ مقامی سطح پر چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے، جس میں مختلف ٹارگٹ مکمل کرنے کے اہداف اور مدت کا تعین بھی ہو۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیں اور اگلے ہفتے تک رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کے معاشی ٹیم کے ساتھ تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جس کا سب سے اہم مقصد بین الاوزارتی ہم آہنگی بڑھانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 821362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے