0
Sunday 13 Oct 2019 21:14

کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے لوگوں کے ساتھ انتہائی درجے کی زیادتی ہے، مصطفیٰ کمال

کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے لوگوں کے ساتھ انتہائی درجے کی زیادتی ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے لوگوں کے ساتھ انتہائی درجے کی زیادتی ہے، جو شہر پورے پاکستان کو پال رہا ہے اسے بوند بوند پانی کو ترسنے کے لئے چھوڑا جا رہا ہے، پاک سرزمین پارٹی نیسپاک کی رپورٹ کو مسترد کرتی ہے، ہمیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اب کوئی بھلائی کی امید باقی نہیں رہ گئی ہے، اس لئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور اس سنگین انسانی المیہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں، اس پروجیکٹ کا آغاز 2008ء میں ہم نے کیا تھا لیکن ہمارے جانے کے بعد صوبائی حکومت کی نگرانی میں اس پر مزید تحقیق کی گئی اور عثمانی انٹرپرائزز سے پروجیکٹ کی تفصیلی ڈیزائننگ کرائی گئی اور ان سے کنسلٹنسی کے بعد 2014ء میں اس پر کام کا آغاز کیا گیا، اگر عثمانی انٹرپرائزز کا پیش کردہ حتمی ڈیزائن غلط تھا تو اس کی براہ راست ذمہ دار موجودہ حکومت ہے جس کی نگرانی میں وہ ڈیزائن فائنل کیا گیا تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے خلاف بہت بڑی سازش ہے، پی ایس پی ایک جانب 3 سالوں سے مطالبہ کررہی ہے کہ کے فور فیز 1 کے ساتھ فیز 2 بھی شروع کیا جائے تاکہ منصوبے کی لاگت کم اور کراچی کی عوام کو پینے کا صاف پانی ملے لیکن اس کے برعکس اس منصوبے کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے، اسی کے فور کی تکمیل کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے شاہراہ فیصل پر ہمارے اوپر شیلنگ کی گئی، پی ایس پی کی قیادت کو گرفتار کیا گیا اور ماؤں، بہنوں اور بچوں پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا، عنقریب کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرے گا، کے فور منصوبہ کراچی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اسے ختم کرکے حکمران کراچی دشمن اقدام کررہے ہیں، پاک سرزمین پارٹی کراچی کی عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی قبول نہیں کرے گی اور کے فور کی منسوخی کے خلاف پر امن احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی، عوام کو بھی سمجھنا ہوگا ان کا حقیقی نمائندہ کون ہے، کون ان کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے اور ان سے مخلص ہے۔
خبر کا کوڈ : 821852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے