0
Monday 14 Oct 2019 12:12

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پانچ روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پانچ روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام ٹائمز۔ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں جائے گا۔ گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے حوالے سے ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے دورہ سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں قیام کے دوران مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد سے ملیں گے، جبکہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ لاہور اور شمالی علاقہ جات کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ پاکستانی نوجوانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ دفتر خارجہ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 15 اکتوبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے۔ برطانوی شہزادہ اور شہزادی 16 اکتوبر کو صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کریں گے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی مہمان بادشاہی مسجد اور ایس او ایس ویلج کا دورہ بھی کریں گے، شہزادہ اور شہزادی لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی کریں گے۔ شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع چترال کا دورہ کرے گا۔ شاہی مہمان 18 اکتوبر کو واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 821898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب