0
Friday 18 Oct 2019 19:56

افغانستان، دہشتگردوں کا مسجد پہ راکٹوں سے حملہ، 25 نمازی جاں بحق، 50 زخمی

افغانستان، دہشتگردوں کا مسجد پہ راکٹوں سے حملہ، 25 نمازی جاں بحق، 50 زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 25 نمازی شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران اچانک زوردار دھماکے ہوئے، دھماکے شدت پسندوں کی جانب سے مسجد کی چھت پر مارٹر گولے برسانے کی وجہ سے ہوئے، جس سے مسجد کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں 25 نمازیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ 50 زخمی ہیں، جن میں سے 9 کی حالت نازک ہے۔ ننگر ہار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، مسجد پر دو مارٹر گولے داغے گئے ہیں۔ طالبان سمیت کسی بھی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کو صدر ٹرمپ نے آخری مراحل میں اچانک ختم کر دیا تھا جس کے بعد سے افغانستان میں حملوں میں شدت آئی ہے جب کہ تاحال صدارتی الیکشن کے نتائج کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 822830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب