0
Tuesday 29 Oct 2019 12:37

لاہور میں آزادی مارچ کے استقبال اور قیام کا شیڈول جاری

لاہور میں آزادی مارچ کے استقبال اور قیام کا شیڈول جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں آزادی مارچ کے استقبال اور قیام و طعام کا حتمی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔ آزادی مارچ کے استقبال کیلئے شہر کے 10 مختلف مقامات پر استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے۔ ٹھوکر نیاز بیگ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما آزادی مارچ کا استقبال کریں گے جبکہ منصورہ ملتان چونگی میں جماعت اسلامی پاکستان، کھاڑک سٹاپ سبزہ زار میں جے یو آئی (ایف)، چوک یتیم خانہ ملتان روڈ پر پاکستان پیپلز پارٹی، چوبرجی چوک میں پاکستان مسلم لیگ (ن) استقبال کریگی جبکہ اے این پی بھی معاونت کرے گی۔  داتا دربار پر جمعیت علمائے پاکستان، بتی چوک راوی روڈ پر جمعیت اہلحدیث پاکستان، شاہدرہ چوک پر جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام پاکستان مسلم لیگ، شاہدرہ سٹیشن پر پاکستان پیپلز پارٹی، مینار پاکستان پر جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت استقبال کرے گی۔
 
آزادی مارچ کے تمام قافلوں کا قیام مینار پاکستان، بادشاہی مسجد اور قرب و جوار کی مساجد و مدارس میں ہوگا، البتہ مرکز جن مہمانوں کے حوالے سے ہدایات دے گا ان کیلئے خصوصی طور پر جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکز راوی روڈ اور مرکزی دفتر جے یو آئی جامعہ مدنیہ کریم پارک میں قیام و طعام کا انتظام ہو گا۔ استقبالیہ کیمپوں، مینار پاکستان اور قافلے کے راستے میں مختلف مقامات پر آزادی مارچ کے شرکاء پر پھول نچھاور کئے جائیں گے اور شرکاء کے لئے کھانے اور پانی کا انتظام ہوگا۔ آزادی مارچ کے لاہور پہنچنے پر مینار پاکستان (آزادی چوک پل) پر جلسہ عام ہو گا، جس سے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ قائدین کے خطابات کیلئے موبائل سٹیج کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ 30 اکتوبر کی صبح قافلوں کی روانگی مینار پاکستان سے ہوگی، روانگی کے وقت مرکزی قائدین کی تقاریر کیلئے سٹیج جمعیت اہلحدیث کے مرکزی دفتر کے سامنے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 824475
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش