0
Wednesday 20 Nov 2019 12:09

اسلام آباد سے خالی ہاتھ جانیوالے مولانا کو ایگزٹ پلان کا سہارا لینا پڑا، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد سے خالی ہاتھ جانیوالے مولانا کو ایگزٹ پلان کا سہارا لینا پڑا، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے عدالت کویقین دہانی کرائی ہے کہ وہ واپس آئیں گے اور انڈیمنٹی بانڈ کی شرط کو ہائی کورٹ نے مسترد نہیں معطل کیا، امید ہے نوازشریف عدالتی فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے۔ انکا کہنا تھا کہ مولانا صاحب آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں، آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا، عوام نے آپ کومسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہا پسندی کے ساتھ نہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دیے اور آپ کو پلان ایگزٹ کا سہارا لینا پڑا، روڈز بلاک پلان بھی عوام نے مسترد کردیا، اب مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مولانا صاحب حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں، مولانا لشکرکشی اور غیرجمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہےہیں، ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرز عمل اختیار کیا اور آپ کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا۔
خبر کا کوڈ : 828137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب