0
Wednesday 20 Nov 2019 19:23

ملک و قوم کی ترقی کیلئے کڑا احتساب بنیادی شرط ہے، علامہ باقر زیدی

ملک و قوم کی ترقی کیلئے کڑا احتساب بنیادی شرط ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کیلئے کڑا احتساب بنیادی شرط ہے، قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو جب تک انصاف کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزائیں نہیں دی جاتیں، تب تک عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں علامہ دوست علی سعیدی،علامہ رضا محمد سعیدی، مولانا محمد نقی، چوہدری اظہر حسین، یعقوب الحسینی، منور جعفری، ارشد اللہ، فرمان شاہ، حیدر زیدی، ذکی عابدی، علی احمر زیدی، آصف صفوی بھی موجود تھے۔ علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ذمہ دار ماضی کے وہ حکمران ہیں، جنہوں نے عوام کے ٹیکسز کو اپنی ذاتی دولت سمجھتے ہوئے بے دریغ خرچ کیا۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ قومی اداروں کو نفع بخش بنانے کی بجائے غیر ملکی قرضوں پر انحصار کی سزا آج غریب عوام مہنگائی کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لٹیروں سے لوٹی ہوئی رقم واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی جانی چاہیے، تاکہ ہر کسی کو ریلیف مل سکے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ احتساب کے عمل کو انتقامی کارروائیوں کا نام دے کر رکاوٹیں پیدا کرنا چاہتے ہیں، وہ ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو عوام بغیر کسی دباؤ کے مثبت سمت کی طرف بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 828226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب