اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں درندگی کا شکار ہوکر قتل ہونے والے ننھی گل سکینہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پریس کلب کے سامنے طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ذرائع کے مطابق گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ کے طلبہ نے پیواڑ میں معصوم فرشتہ گل سکینہ کے قتل کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، طلبہ رہنماؤں نے گل سکینہ کے اندوہناک قتل اور زیادتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے سفاک قاتل کو فوری طور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور نعرہ بازی کی۔