0
Friday 6 Dec 2019 11:56

پنجاب میں چوکیداری نظام دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں چوکیداری نظام دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب بھر میں امن و امان اور کرائم کے بڑھتے تناسب کے پیش نظر امن کمیٹیاں اور چوکیداری نظام کو بحال کیا جا رہا ہے۔ پولیس افسران کو پروٹوکول ختم کرنے اور فیلڈ میں نکلنے کا حکم دے دیا گیا۔ شہری علاقوں میں ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ کھلی کچہریاں لگانے جبکہ دیہاتی علاقوں میں چوکی داری نظام کو نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب پولیس کے احکامات کی روشنی میں پہلے مرحلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، اس میں منتخب نمائندوں ارکان اسمبلی اور سابق چیئرمینوں کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ محکمہ پولیس کے بنیادی ڈھانچہ میں تبدیلی لائی جا رہی ہے اور اس میں پولیس افسران کا پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے اور پولیس افسران کو دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
 
احکامات پر عملدرآمد کی آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر نئے آئی جی پولیس شعیب دستگیر نے صوبے بھر میں امن و امان اور سکیورٹی کے معاملات کو بہتر بنانے اور جرائم کی شرح کم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا ہے جس میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بڑے بڑے جرائم پیشہ افراد پر ہاتھ ڈالنے کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں اور اس میں اگلے چند روز تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں جرائم کے صورتحال میں کمی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 831075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش