0
Monday 9 Dec 2019 12:30

کرپشن کے بڑے بڑے چھکے مارنے والے آج شکنجے میں ہیں، چئیرمین نیب

کرپشن کے بڑے بڑے چھکے مارنے والے آج شکنجے میں ہیں، چئیرمین نیب
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کے بڑے بڑے چھکے مارنے والے آج شکنجے میں ہیں یا پھر ملک چھوڑ گئے ہیں، حکومت نے معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی، بی آر ٹی اور مالم جبہ سکینڈل کے ریفرنسز بھی تیار ہیں، ہواؤں کا رخ بدلنے لگا ہے، چند ہفتے میں دیکھیں گے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا معاشرے میں خوبصورت یا بدصورت شکل میں کرپشن موجود ہے، کرپشن کے مکمل خاتمے کا دعویٰ نہیں کر سکتے، یہ جنگ ایک مطعفن سسٹم کے خلاف ہے، بدعنوانی کا خاتمہ ہر پاکستانی کا فرض ہے، ہم اپنے ہر قول و فعل کیلئے پروردگار کے سامنے جوابدہ ہیں۔ جاوید اقبال کا کہنا تھا بادشاہت یا شہنشاہت میں احتساب کا تصور نہیں، اقتدار کی ہوس کی خاطر ملک میں عجیب و غریب تجربات کیے گئے، خود احتسابی کے اچھے نتائج نکلیں گے، ایک وہ طبقہ بھی موجود ہے جس کو نیب سے کافی شکایات ہیں، کسی کے کفن میں جیب نہیں ہوتی، عوامی امنگوں کو سامنے رکھ کر قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے، 72 سال کا مرض ہے، شفایابی کیلئے قوم کو یکجا ہونا ہو گا، کرپشن کے خاتمے کیلئے پہلی اینٹ ہم نے رکھ دی ہے۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا حکومتیں آتی جاتی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ قائم رہنا ہے، کرپشن ایک کینسر ہے، سرجری کی ضرورت ہے، 382 بلین کی ریکوری کی ہے، 2017ء کے بعد 153 بلین کی ریکوری ہے، عدالتوں میں 1261 بدعنوانی کے کیسز زیر التوا ہیں، 1261 کیسز 943 بلین کے ہیں، 1261 ریفرنسز کیلئے صرف 25 عدالتیں ہیں، قانون میں لکھا ہے 30 دن میں فیصلہ کریں، ہر سیاستدان اور بیوروکریٹ کی عزت کرتے ہیں۔ جاوید اقبال نے کہا تعصب، بے روزگاری کی وجہ بدعنوانی ہے، جو جائیداد انگریز نہیں خرید سکتے وہ پاکستانیوں نے خرید رکھی ہیں، کسی گٹھ جوڑ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہمارا گٹھ جوڑ صرف پاکستان سے ہے، ریاست مدینہ کے خواب کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے، کچھ تعبیروں کیلئے صرف محنت کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کیلئے حکومت کو خود رول ماڈل بننا ہو گا، ریاست مدینہ میں کسی کو کسی پر تقویت نہیں، ریاست مدینہ کیلئے مربوط پالیسی بنائیں، لوگ اسلامی نظام کیلئے ترس رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 831663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش