0
Friday 13 Dec 2019 20:52

زائرین کے معاملے میں حکومتی پالیسی کی حمایت نہیں کرینگے، علامہ باقر زیدی

زائرین کے معاملے میں حکومتی پالیسی کی حمایت نہیں کرینگے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ زائرین کی سفری یا دستاویزاتی حکومتی پالیسی کی حمایت نہیں کی جائے گی، جس سے زائرین کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہو، پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین پہلے ہی تشویش ناک صورت حال سے دوچار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس کراچی میں جاری اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اس معاملے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے، زائرین کے حوالے سے حکومت کی یہ سرد مہری پوری قوم کے لئے اضطراب کا باعث ہے، پاکستانی ہونے کی حیثیت سے شہری پہلے ہی بے شمار قسم کے ٹیکسز کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، زائرین اب کسی بھی اضافی بوجھ کے متحمل نہیں رہے، پاکستانی زائرین دوسرے ممالک میں ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرتے ہیں، انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات ملنی چاہیئے، نظم و ضبط کے نام پر زائرین کی تعداد سے مشروط کوئی قانون یا نکتہ قابل قبول نہیں ہوگا، اس ضمن میں وزارت مذہبی امور کی سفارشات کا مقصد زائرین کو غیر ضروری قوانین کے تابع کرنے کی بجائے زائرین کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیئے، اس سلسلے میں سیاحت کا موجودہ قانون ہی لاگو رہنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ زائرین پالیسی کو حج پالیسی کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے، کیونکہ یہ دونوں مسائل انتظامی اور افرادی اعتبار سے مختلف ہیں، ایران و عراق میں پاکستانی سفارتخانوں کے عملے کا پاکستانی زائرین کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر متعلقہ وزارت کی طرف سے باز پُرس ہونی چاہیئے اور انہیں زائرین کے مسائل کے حل کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا پابند بنایا جائے، بلوچستان میں داخل ہونے کے لئے این او سی کی شرط سمجھ سے بالاتر اور غیر منصفانہ ہے، اس کا فوری طور پر خاتمہ از حد ضروری ہے، تفتان میں امیگریشن کے عمل میں آسانی پیدا کرنے اور تیزی لانے کی ضرورت ہے، کراچی اور سندھ کے لئے گوادر اور پسنی کا سرحدی راستہ کھولا جائے، ہوائی سفر کرنے والے زائرین کی جملہ مشکلات کا حل نکالا جائے، محرم اور صفر کے دوران پی آئی اے کے ذریعے زائرین کے لئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرکے آسانیاں پیدا کی جاسکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 832540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش