0
Monday 23 Mar 2020 19:22

وزیراعلیٰ پنجاب نے ’’گھر رہیں، محفوظ رہیں‘‘آگاہی مہم کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے ’’گھر رہیں، محفوظ رہیں‘‘آگاہی مہم کا افتتاح کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے آج سے موبائل آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج وزیر اعلی آفس میں ”گھر رہیں، محفوظ رہیں“ آگاہی مہم کا افتتاح کیا۔ خصوصی مہم کے تحت موٹر سائیکلوں اور رکشاؤں کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ لاہور میں 250 موٹرسائیکلوں اور 50 رکشاؤں کے ذریعے گلی، محلوں میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور کی ہر یونین کونسل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوں کو آگاہی دی جائے گی۔ لاہور میں مجموعی طور پر 850 موٹر سائیکلوں اور 500 رکشاؤں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 4130 موٹر سائیکلوں کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جائے گی، موبائل آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ہم سے اپنے گھروں میں رہنے کا تقاضا کرتا ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام کو حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا چاہیے، پاکستانی ایک ذمہ دار قوم ہیں اور موجودہ حالات میں شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنا ضروری ہیں، آج کے فاصلے شہریوں کو مستقل فاصلوں سے محفوظ بنا سکتے ہیں، حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا ہے، کورونا وائرس ایک بڑا چیلنج ہے اور اسے مل کر ہی شکست دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 852127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش