0
Tuesday 7 Apr 2020 00:01

الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقادر کورونا وائرس سے جاں بحق

الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقادر کورونا وائرس سے جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) سندھ کے سابق سربراہ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس کے سبب پیر کے روز انڈس ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر عبد القادر سومرو کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے علاج میں مصروف تھے اور اسی دوران وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے اور کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج پیر کے روز خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ڈاکٹر عبد القادر سومرو اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم، پاکستان اسٹیل مل ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسراور فریدہ یعقوب ہسپتال کے ایم ایس رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر عبد القادر سومرو کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا اور سیکریٹری اطلاعات سمیت دیگر نے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی مغفرت، لواحقین و پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بھی ڈاکٹر عبد القادر سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مرحوم عبدالقادر سومرو نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں لگا دی اور وہ آخری دم تک بھی کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ایک مسیحا کے طور پر مصروف عمل رہے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مرحوم نے بحیثیت اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے صدر کے طور پر بھی متحرک و فعال کردار ادا کیا اور مثالی خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹر اسامہ 22 مارچ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئے تھے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ڈاکٹر اسامہ ریاض کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ریاست کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز نشانِ کشمیر دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 855082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش