0
Saturday 25 Apr 2020 20:22

ماہ صیام میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو انکے نفوس کی طہارت کا بہترین موقع دیتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ماہ صیام میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو انکے نفوس کی طہارت کا بہترین موقع دیتا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے رمضان المبارک کے مقدس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، ماہ صیام میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ان کے نفوس کی طہارت و پاکیزگی کا بہترین موقع دیتا ہے، اس ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ نادار، مساکین اور ضرورت مند افراد کی مشکلات دور کرکے افضل ترین ثواب کمایا جا سکتا ہے، کورونا وائرس کی وباء کے باعث دیہاڑی دار اور مزدور پیشہ افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، ان کے ذرائع آمدن مسدود ہوکر رہ گئے ہیں، اپنے قرابت داروں اور اہل محلہ میں ایسے افراد کا خصوصی خیال رکھنا ہر صاحب استطاعت کی شرعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے طبی ماہرین کی طرف سے جو تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے، اس میں اگر غفلت برتی گئی تو یہ ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہوگا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالم اسلام کے تمام مسالک کی جید مذہبی شخصیات نے کورونا سے بچاو کے لئے احتیاطیی تدابیر پر عمل کرنے کو فرض قرار دے رکھا ہے، اپنے ملک اور قوم کے تحفظ اور اس وباء سے چھٹکارے کے لئے ہمیں جذبات کی بجائے ہوش مندی اور حکمت و بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عبادات، عزاداری اور دیگر مذہبی رسومات پر عمل ہمارے ایمان کا حصہ ہے، تاہم انسانی جان کی حفاظت اولین شرعی فریضہ ہے، انسانی زندگی کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش اللہ تعالیٰ کے احکامات کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، رواداری اور برداشت کا درس دیتا ہے، عالمی حالات کے تناظر میں موجودہ مشکلات کو صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے میں ہی ملک و قوم کی سلامتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 858935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش