0
Friday 22 May 2020 22:29

قبلہ اول پوری مسلمہ امہ کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس پر عالم اسلام کو یک زبان ہونا ہوگا، ایم ڈبلیو ایم

قبلہ اول پوری مسلمہ امہ کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس پر عالم اسلام کو یک زبان ہونا ہوگا، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یوم القدس کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے، جن کا مقصد کشمیر، فلسطین اور یمن سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت اور طاغوتی طاقتوں سے نفرت و بیزاری کا اظہار کرنا تھا۔ ریلیوں کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین نے کی۔ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان کے باہر بعد نماز جمعہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے میں ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے شرکاء نے ضروری فاصلہ برقرار رکھا۔ مظاہرےکے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل، امریکہ اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے استکباری قوتوں کے خلاف  فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر امریکی، اسرائیلی اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ غلام عباس کمیلی، علامہ ملک غلام عباس و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ القدس مسلمان حکمرانوں کی ہمدردیاں جانچنے کا بہترین پیمانہ ہے، جن مسلم حکمرانوں کے دل میں اسلام کا درد ہے وہ قدس پر بے چین و بے قرار ہیں اور جو مسلمان قبلہ اول پر طاغوتی قبضے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں انہوں نے محض اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، ان کے دل یہود و نصاریٰ کے لئے دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر اور یمن سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لئے آواز بلند کرنا ہم سب کی شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، قدس سے ہماری روح ہماری سانس کا رشتہ ہے، القدس پر مسلمانوں کا حق ایک اٹل حقیقت ہے جسے کوئی بھی باشعور انسان جھٹلا نہیں سکتا، مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کے خلاف آج پوری دنیا میں آواز بکند ہو رہی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کے لئے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے اور نہتے مسلمانوں پر یہود و ہنود کی ظالمانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے کے لئے ہے، عالم اسلام کو دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں دو ٹوک مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ آج کشمیر، فلسطین، یمن اور بحرین سمیت ہر طرف صرف مسلمانوں کا لہو بہہ رہا ہے، مسلمانوں نے اپنی عملی زندگی میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی بجائے دنیاوی خداؤں کی پیروی شروع کر رکھی ہے، عالم اسلام کی بربادی کی اصل وجہ یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل کے جدا جدا ہونے کا اب وقت آگیا ہے، عالم اسلام کو اب ایک دوسرے کا بازو بننا ہوگا، امت مسلمہ کی مشکلات پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے والے مسلمان حکمرانوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پوری مسلمہ امہ کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس پر عالم اسلام کو یک زبان ہونا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 864295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش