?>?> پی آئی اے طیارہ حادثہ، ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، وزیر صحت سندھ - اسلام ٹائمز
0
Saturday 23 May 2020 18:50

پی آئی اے طیارہ حادثہ، ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، وزیر صحت سندھ

پی آئی اے طیارہ حادثہ، ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، وزیر صحت سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، اب تک 47 لواحقین نے اپنے ڈی این اے کیلئے نمونے جمع کرائے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ناصر حسین شاہ اور مرتضیٰ وہاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ عذرا پیچوہو نے کہا کہ طیارہ حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوئے، دو افراد زندہ بچ گئے، میتوں میں 26خواتین، 68 مرد اور 3 بچے شامل ہیں۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ واقعے کے بعد 66 میتیں جناح اور 31 سول اسپتال پہنچائی گئیں، جبکہ ایک زخمی سول اور دوسرا دارالصحت اسپتال میں زیر علاج ہے۔ عذرا پیچوہو نے کہا کہ اب تک 19 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں اور 97 میتوں کے ڈی این اے لیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 66 افراد کے جناح اور 31 کے سول اسپتال میں ڈی این اے لیے گئے۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ ڈی این اے پر گورنر صاحب کی لاعلمی ہے، ہم نے اعلیٰ معیار کی لیبارٹری تیار کی ہے۔ عذرا پیچوہو نے کہا کہ تمام ڈی این اے جامعہ کراچی کی لیب میں ہوں گے۔

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ طیارے کی زد میں آکر 19مکانات متاثر ہوئے، دس گاڑیاں اور تین موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حادثے میں طیارے کے مسافر جاں بحق ہوئے، 6 علاقہ مکین زخمی ہیں، 16 رہائشیوں کو مقامی ہوٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ فائر بریگیڈ، مئیر کراچی، چھیپا، ایدھی، سول اور عسکری اداروں نے ملکر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں لوگ سادگی سے عید منائیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حادثے کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری پی آئی اے کی بنتی ہے، نقصانات کا ازالہ بھی پی آئی اے کو کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 864513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش