0
Thursday 29 Oct 2020 14:47

ملک بھر میں شیعہ سنی مل کر میلادالنبی (ص) کے جلوس نکالیں، علامہ باقر زیدی

ملک بھر میں شیعہ سنی مل کر میلادالنبی (ص) کے جلوس نکالیں، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس پورے ہفتے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کرکے عظیم وحدت کا پیغام دیں گے، تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنادیں، ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی مل کر میلادالنبی (ص) کے جلوس نکالیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے جشن ولادت باسعادت نبی آخرالزمان (ص) کی آمد کے موقع پر وحدت ہاؤس میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علی حسین نقوی، یعقوب الحسینی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، میر تقی ظفر، ناصر الحسینی، حیدر زیدی، زین رضوی، احسن عباس، حسن رضا سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح سرزمین پاکستان میں بھی شیعہ سنی متحد ہیں کوئی فرقہ واریت نہیں، چند مٹھی بھر تکفیری سوچ کے حامل افراد ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے، نبی کریم (ص) کی ذات اقدس دنیا بھی مسلمانوں کیلئے نقطہ وحدت ہے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبر ختمی مرتب (ص) سے استفادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کی زد پر ہے، یمن، نائجیریا، عراق، شام امریکی گماشتوں کی تجربہ گاہ بنے ہوئے ہیں تو دوسری جانب سوئیڈن میں قرآن مجید کی بےحرمتی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت امت مسلمہ کیخلاف منظم سازش ہے۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امت مسلمہ کو قرآن و سنت اور اہلبیت (ع) سے متمسک رہ کر عالم کفر کی تمام تر نجس سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان میں تکفیری سوچ کے حامل مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو محب رسول (ص) شیعہ سنی عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، جسے عوام کو تدبر اور فراست کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔ علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ایم ڈبلیو ایم سندھ مختلف تقریبات اور سیمینار کا انعقاد کرکے بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے مولا و آقا حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 894748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش