0
Sunday 29 Nov 2020 23:54
جماعت اسلامی کا کرونا کیوجہ سے جلسے دو ہفتے ملتوی کرنیکا اعلان

پی ٹی آئی، نون لیگ اور پیپلز پارٹی امریکی غلاموں کا ٹولے ہیں، سراج الحق

پی ٹی آئی، نون لیگ اور پیپلز پارٹی امریکی غلاموں کا ٹولے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی امریکی غلاموں کے ٹولے ہیں، یہ ملک کو امریکی اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلانا چاہتے ہیں۔ ملک پر 43 ہزار ارب روپے کے قرضے لاد دیئے گئے ہیں۔ ملک میں مافیاز کی حکومت ہے، چینی، آٹا، ڈرگ، پٹرول اور لینڈ مافیا وزیر اعظم کے اردگرد موجود ہیں۔ یہ کارخانوں کی بجائے لنگر خانے کھولنے کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر تیمرگرہ میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب ملک و قوم کو ان نااہل اور نالائق حکمرانوں سے نجات ملے گی۔ ان کے دلوں میں خوف خدا ہے اور نہ عشق مصطفیٰ ﷺ۔ ناموس رسالت ﷺ کے مجرموں کو یہ پروٹوکول کے ساتھ بیرون ملک بھیج دیتے ہیں۔ حکومت جھوٹ اور یوٹرن کو اپنی کامیابی سمجھتی ہے۔ جلسہ جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے۔ کورونا سے ڈرانے والی حکومت نے خود سرکاری خرچ پر گلگت بلتستان میں 12 جلسے کئے۔ حکومت ڈکٹیٹر نہ بنے اور پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسہ کرنے دے۔ کرونا وبا کے پیش نظر جماعت اسلامی نے دو ہفتوں کیلئے عوامی جلسے ملتوی کردیئے ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ وزیراعظم کہتے تھے کہ اگر میرے خلاف کوئی احتجاج کرے گا تو میں انہیں کنٹینر دونگا، اب حکومت لوگوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے تاکہ خوف کی وجہ سے لوگ حکومت کے خلاف احتجاج نہ کریں۔ اس سے قبل کہ لوگ اسلام آباد کا رخ کریں حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فتح کرنے کی بجائے سرکاری وسائل سے گلگت بلتستان کو فتح کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کا ساتھ دینے والوں کو عوام کی نفرت کا سامنا ہے، انتخابات بار بار ہائی جیک ہونے کی وجہ سے عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ 1970 سے جماعت اسلامی کی انتخابی کامیابیوں کو روکنے کیلئے ریاستی وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ یا اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے نہیں عوام کی قوت سے اقتدار میں آئیں گے، حکومت نے عوام کو کرونا سے بچانے کیلئے پہلے کچھ کیا تھا نہ اب کررہی ہے۔ حکومت عوام کو ماسک اور سینی ٹائزر تو دے نہیں سکی، کرونا سے بچاﺅ کیلئے باہر سے آنے والے فنڈز کا ستاسی فیصد حکومت نے اپنے کاموں میں استعمال کیا۔ حکمرانوں کے نزدیک کرونا سے بچاﺅ کا ایک ہی حل ہے کہ سکول اور کاروبار بند کرکے بیٹھ جاﺅ۔

سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے زندگی گزارنا مشکل ہو رہا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم آئے روز عوام کو معیشت اوپر اٹھنے کے سبز باغ دکھا رہے ہیں، معیشت کی بہتری اس دن خود بخود نظر آجائے گی جس دن عوام کو ریلیف ملے گا اور غریب کو آٹا چینی گھی اور دالیں سستے داموں ملنے لگیں گی۔ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ان حکمرانوں سے چھٹکارا پانا ہے، پی ٹی آئی حکومت آٹا چینی اور پیٹرول مافیاز کے سامنے بے بس اور ہر محاذپر ناکام ہو چکی ہے۔ ایک کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے ظلم و جبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساڑھے چار ہزار اسٹیل ملز ملازمین کا روزگار چھین لیا ہے۔ اوور سیز پاکستانی حکومت کے رویے سے سخت پریشان ہیں۔ عوام نے باری باری سب کو آزما لیا ہے اب جماعت اسلامی ہی بیسٹ آپشن ہے۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، آصف لقمان قاضی، مولانا عبدالاکبر چترالی، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب خان، طارق اللہ، اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل کے پی کے عبدالواسع، حنیف اللہ خان امیر ضلع دیر بالا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 900727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش