0
Sunday 24 Jan 2021 20:55

لاہور، پیر معصوم نقوی اتحاد اہلسنت کمیٹی کے چیئرمین مقرر

لاہور، پیر معصوم نقوی اتحاد اہلسنت کمیٹی کے چیئرمین مقرر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی اتحاد اہلسنت کمیٹی کا چیئرمین اور رکن پنجاب اسمبلی پیر جلیل احمد شرقپوری کو صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مختلف سنی جماعتوں کے اتحاد کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے بعد مختلف دھڑوں کی مشاورت سے کیا گیا۔ 12 رکنی اتحاد اہلسنت کمیٹی میں صاحبزادہ معین الدین کوریجہ، مفتی عاشق حسین بخاری، پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، معین علوی، شہباز ملک، میاں سجاد غنی، ایوب ایڈووکیٹ، مجتبیٰ نوری اور حبیب الٰہی ایڈووکیٹ بھی شامل ہیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات کے تلخ تجربے کے بعد مسلک اہلسنت کو ہونیوالے نقصان سے آئندہ بچنے کیلئے مختلف سنی دھڑوں کی باہمی مشاورت کے ساتھ اتحاد اہلسنت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تجویز ہے کہ مختلف جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کرکے انہیں اتحاد اہلسنت کے مشترکہ لائحہ عمل پر تیار اور آئندہ تمام جماعتیں مل کر بلدیاتی، صوبائی اور قومی انتخابات میں مشترکہ سنی پلیٹ فارم تشکیل دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ 2018ء کے انتخابات کی وجہ سے پیدا ہونیوالے اختلافات اور تلخیاں آئندہ انتخابات میں نظر نہ آئیں۔ اتحاد کمیٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ اہلسنت پُرامن مسلک ہے، جو کسی دہشتگرد گروہ یا فرد کی حمایت نہیں کرتا بلکہ افواج پاکستان کے ہم ساتھ ہیں، البتہ جمہوریت کے دفاع کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 912131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش